سمندری طوفان ’ہیلری‘ سے کیلیفورنیا میں خطرناک سیلاب کا خدشہ

میکسکو سے آنے والے سمندری طوفان ’ہیلری‘ کے سبب اتوار کے روز کیلیفورنیا میں شدید بارشیں ہوئیں فائل فوٹو میکسکو سے آنے والے سمندری طوفان ’ہیلری‘ کے سبب اتوار کے روز کیلیفورنیا میں شدید بارشیں ہوئیں

میکسکو سے آنے والے سمندری طوفان ’ہیلری‘ کے سبب اتوار کے روز کیلیفورنیا میں شدید بارشیں ہوئیں جس کے باعث جنوب مغربی امریکا کے عمومی طور پر بنجر خطے میں خطرناک سیلاب کا انتباہ جاری کردیا گیا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق اس سے قبل جنوبی کیلیفورنیا کے قصبے اوجائی کے قریب 5.1 شدت کا زلزلہ آیا تھا، تاہم فوری طور پر نقصان یا جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔

امریکی نیشنل ہریکین سینٹر (این ایچ سی) نے بتایا کہ اتوار کی سہ پہر تک 95 کلومیٹر فی گھنٹہ رفتار کی ہواؤں کے ساتھ ہیلری کا مرکز کیلیفورنیا میں تھا اور طوفان 37 کلومیٹر فی گھنٹہ کی تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہا ہے۔

این ایچ سی نے اتوار کی رات تک ’ممکنہ طور پر تاریخی‘ بارشوں کے حوالے سے خبردار کیا تھا جو پیر کے اوائل تک ریاست کے کچھ حصوں میں تباہ کن سیلاب کا سبب بن سکتی ہیں۔

ایک مقامی ٹی وی چینل ’اے بی سی‘ نے لاس اینجلس کے باہر پام اسپرنگس کے کچھ حصوں میں شدید سیلاب کی ویڈیو نشر کی اور نیشنل پارک سروس نے اعلان کیا کہ ڈیتھ ویلی نیشنل پارک کو ’خطرناک سیلابی صورتحال‘ کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے۔

لاس اینجلس کی میئر کیرن باس نے خبردار کیا کہ ’موسم کی یہ صورتحال غیر معمولی ہے‘۔

حکام نے ساحلوں کو بند کرنے کا حکم دے دیا جبکہ لوگ پانی اور دیگر اشیائے ضروریہ ذخیرہ کرنے کے لیے دکانوں پر پہنچ گئے، بعض علاقوں میں بھاری سیلاب اور یہاں تک کہ طوفان کی وارننگ بھی جاری کی گئی تھی۔

اس سے قبل ہیلری طوفان کیٹیگری 4 میں پہنچ گیا تھا لیکن بعد جب یہ میکسیکو کے گنجان آباد سرحدی شہر تیجوانا کی جانب بڑھا تو اسے ایک سمندری طوفان قرار دیا گیا۔

طوفان کے کمزور ہونے کے باوجود یو ایس فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (فیما) کی منتظم ڈینی کرسویل نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ خطرات کو سنجیدگی سے لیں۔

سی این این سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سمندری طوفان ہلیری جنوبی کیلیفورنیا کے لیے سنگین اثرات کا باعث اور خطرہ بننے والا ہے۔

کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم نے ریاست کے بیشتر جنوبی علاقوں کے لیے ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا۔

گورنر کے دفتر سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ حکام نے طوفان سے بچاؤ کے لیے 5 پناہ گاہیں قائم کی ہیں اور ساڑھے 7 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے ہیں، جن میں نیشنل گارڈ کے کئی سو فوجیوں کے ساتھ ساتھ پانی کی ریسکیو ٹیمیں بھی شامل ہیں۔

سان ڈیاگو میں لوگوں نے ممکنہ سیلاب کی تیاری کے لیے ریت سے تھیلے بھر لیے جب کہ لائف گارڈز نے لوگوں کو سمندر سے دور رہنے کی تنبیہ کی۔

بہت زیادہ خطرناک طوفان

میکسیکو کی سول پروٹیکشن ایجنسی نے بتایا کہ ایک بپھری ہوئی ندی میں گاڑی بہہ جانے سے اس میں سوار شخص کی موت ہوگئی، ساتھ ہی باہا کیلیفورنیا میں لینڈ سلائیڈنگ اور سڑکوں کی بندش کی وارننگ بھی دی۔

میکسیکو کی فوج نے طوفان سے متاثرہ ایک ہزار 725 افراد کو پناہ دینے والی 35 پناہ گاہیں کھولی ہیں۔

این ایچ سی نے کہا کہ اوریگون اور ایڈاہو کے کچھ علاقوں میں بھی شدید بارش اور ممکنہ طور پر سیلاب آنے کی توقع ہے اور جنوب مشرقی کیلیفورنیا، مغربی ایریزونا، جنوبی نیواڈا اور جنوب مغربی یوٹاہ میں طوفان کا امکان ہے۔

کیلیفورنیا کے گورنر آفس آف ایمرجنسی سروسز کی ڈائریکٹر نینسی وارڈ نے کہا کہ ہیلری ایک دہائی سے زیادہ عرصے میں ریاست میں آنے والے بدترین طوفانوں میں سے ایک ہو سکتا ہے۔

ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’کوئی غلطی نہ کریں، یہ ایک بہت، بہت خطرناک اور شدید طوفان ہے۔‘

میکسیکو کی حکومت نے طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والی ریاستوں میں تقریباً 19 ہزار فوجیوں کو تعینات کیا ہے جب کہ وفاقی الیکٹرک یوٹیلیٹی نے کسی بھی بندش سے نمٹنے کے لیے 800 کارکنان اور سیکڑوں گاڑیاں بھیجی ہیں۔

میکسیکو میں ہر سال بحرالکاہل اور بحر اوقیانوس کے ساحلوں سے سمندری طوفان ٹکراتے ہیں، اگرچہ طوفان بعض اوقات کیلیفورنیا کو متاثر کرتے ہیں لیکن ان کا ریاست کو زیادہ شدت سے متاثر کرنا شاذ و نادر ہی ہوتا ہے۔

سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے ساتھ جیسے جیسے دنیا گرم ہوتی جارہی ہے طوفان زیادہ طاقتور ہوتے جارہے ہیں۔

install suchtv android app on google app store