کینیڈا کے جنگلات میں خوفناک آتشزدگی، ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور

کینیڈا کے جنگلات میں خوفناک آتشزدگی فائل فوٹو کینیڈا کے جنگلات میں خوفناک آتشزدگی

کینیڈا میں صوبے برٹش کولمبیا کے شہر کیلونا میں واقع جنگلات میں لگنے والی آگ تیزی سے پھیل گئی جس کے سبب کیلونا شہر سمیت اوکاناگن وادی کے بڑے حصوں کے لیے شدید خطرہ پیدا ہوگیا اور حکام نے ہزاروں رہائشیوں سے انتباہات پر عمل کرنے اور انخلا کی اپیل کی۔

عالمی میڈیا کے مطابق صوبائی وزیر برائے ایمرجنسی امور بوون ما نے کہا کہ بدترین آگ کے باعث صورتحال میں تیزی سے تبدیلی رونما ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً 30 ہزار افراد کو انخلا کے احکامات جاری کیے گئے ہیں جبکہ مزید 36 ہزار افراد کو الرٹ کیا گیا ہےکہ وہ انخلا کے لیے تیار رہیں۔

ایک نیوز کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ جب انخلا کے احکامات جاری کرنے کی نوبت آجائے تو یہ اندازہ کرنا مشکل نہیں کہ ان پر عمل کرنا کتنا ضروری ہوچکا ہے، یہ زندگی اور موت کا معاملہ ہے۔

ڈیڑھ لاکھ آبادی بپر مشتمل شہر کیلونا آتشزدگی کے سبب دھوئیں کے گھنے بادلوں سے ڈھک گیا، حالیہ عرصے میں یہاں جنگلات میں آگ لگنے کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں جس نے لاکھوں ایکڑ اراضی کو جھلسا کر رکھ دیا۔

وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ انہوں نے برٹش کولمبیا کے وزیر اعظم ڈیوڈ ایبے سے جنگل میں آگ لگنے کے سبب تیزی سے بدلتی اور ناقابل یقین حد تک تباہ کن صورتحال کے بارے میں بات کی ہے اور اس آفت سے نمٹنے کے لیے وسائل کا وعدہ کیا ہے۔

آگ لگنے سے دور واقع علاقائی دارالحکومت یلو نائف میں بھی لوگ انخلا پر مجبور ہوگئے جس سے تقریباً 20 ہزار آبادی پر مشتمل شہر میں ہُو کا عالم طاری ہوگیا تاہم ہفتے کو رات بھر بارش کے سبب درجہ حرارت میں تیزی سے کمی آنے کے بعد کچھ راحت محسوس کی گئی۔

 

install suchtv android app on google app store