ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ بالائی علاقوں میں برف باری سے سردی بڑھ گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، خیبرپختونخواہ، بالائی پنجاب، راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش جبکہ کوئٹہ، ژوب اور قلات ڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
گزشتہ چوبیس گھنٹوں سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سیدو شریف، پارا چنار اور دیر میں 42 ملی میٹر، دروش 38، مالم جبہ 32، چترال 24، تربت 23، کوئٹہ، قلات اور بالاکوٹ میں 16، مظفرآباد، خضدار، گوادر 13، ایبٹ آباد 11، اسلام آباد 10 چراٹ اور مری میں 08، اور راولا کوٹ 06 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ مالم جبہ، چترال دورش میں دو انچ تک برفباری بھی ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن، مری، گلیات، وادی نیلم، گلگت بلتستاتن اور کشمیر میں آئندہ تین سے چار روز کے دوران وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گندم کی کاشت کے بارانی علاقوں میں بھی اچھی بارش کی توقع ہے۔ بارش اور برفباری کے بعد ملک کے اکثر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ کا بھی امکان ہے۔