صبح سویرے شہریوں کے چہرے کِھل اُٹھے، اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش

 اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش فائل فوٹو اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات گئے وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ تیز اور ہلکی بارش ہوتی رہی جس کے بعد ان علاقوں کا موسم خوشگوار ہو گیا۔ اسلام آباد میں مزید بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا تاہم بالائی خیبر پختونخوا ، پنجاب اور کشمیر میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال سے آنے والا ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم اندرون سندھ موجود ہے۔

گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے وقفے وقفے سے بوندا باندی ہوئی۔ صدر، آئی آئی چند ریگر روڈ، گلستان جوہر، کلفٹن اور ملیر میں بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہو گیا تھا۔

سپرہائی وے، سرجانی، سہراب گوٹھ ، فیڈرل بی ایریا، خداداد کالونی اور طارق روڈ میں بھی بونداباندی ہوئی تھی۔

بارش برسانے والا مون سون کا سسٹم کراچی میں داخل ہونے کا امکان نہیں۔ ہوا کے کم دباو کا سسٹم ٹھٹہ بدین اور میر پورخاص سے ہوتا ہوا مٹھی میں داخل ہوا ہے۔

اندرون سندھ میں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کراچی میں ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت نوکنڈی 47 ڈگری سینٹی گریڈ، دالبندین، چلاس اور دادو میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ 

install suchtv android app on google app store