پنجاب کے کئی شہروں میں دھند کے باعث حادثات میں اضافہ ہوگیا، مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات میں نو افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں شدید دھند کے باعث موٹر سائیکل سوار کھڑے ٹرک سے جا ٹکرایا۔ حادثے کے نتیجے میں نوجوان موقع پر دم توڑ گیا۔
دیپالپور روڈ پر دھند کے باعث موٹر سائیکل کو ٹرک نے ٹکر مار دی۔ حادثے میں نوجوان جاں بحق ہوا۔ اسی طرح لیہ میں کروڑ فتح پور روڈ پر دو موٹرسائیکلوں کے تصادم نے دو افراد کی جان لے لی۔ مظفرگڑھ میں جتوئی شاہ جمال روڈ پر دھند کے باعث حادثے میں تین افراد جاں بحق ہوئے۔ جھنگ کے علاقے منڈی شاہ جیونہ کے قریب موٹر سائیکل درخت سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے۔
اوکاڑہ میں بھی دھند کے باعث مختلف حادثات پیش آئے جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ فیصل آباد کے علاقے مانوالہ کے قریب دھند کے باعث مسافر بس اور ٹرک میں تصادم سے تیرہ افراد زخمی ہو گئے۔ اسی طرح شیخوپورہ کے علاقے کوٹ پنڈی داد کے قریب دھند کی وجہ سے کوسٹر نالے میں گرنے سے پندرہ مسافر زخمی ہو گئے۔ خانیوال میں بھی موٹر سائیکل کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار زخمی ہوگیا۔