ملکہ کوہسار مری میں موسم سرما اور دسمبر کی پہلی برفباری نے فطری حُسن کے دلفریب مناظر کو جاذبیت بخش دی ہے۔ اہل علاقہ نے آج پہلی برفباری سے لطف اندوز ہوتے ہوئے موسم سرما کو خوش آمدید کہا۔
پاکستان کے شمالی علاقے جو خوبصورتی میں اپنی مثال آپ ہیں۔ موسم سرما کی پہلی بارش اور برفباری نے ان کے فطری حُسن کو اور نکھار دیا ہے۔ سیاحوں کی توجہ کا اہم مرکز مری دنیا بھر میں برفباری کی وجہ سے ایک خوبصورت اور دلکش تفریحی مقام ہے۔ موسم سرما کی پہلی برفباری سے اس خطہِ ارض نے برف پوش سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ سیاحوں اور اہل علاقہ نے اس فطری حُسن سے لطف اندوز ہوتے ہوئے موسم سرما کی پہلی برفباری کو خوش آمدید کہا۔ پہلی برفباری سے جہاں موسم خوشگوار ہوا ہے وہیں گرم ملبوسات کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے۔