ملک بھر میں شدید بارشیں، 2 بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور آزاد کشمیر سمیت مختلف علاقوں میں طوفانی بارش میں چھتیں گرنے اور سیلابی ریلوں کی زد میں آکر دو بچوں سمیت نو افراد جاں بحق، دس زخمی ہوگئے، جبکہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

ملک بھر میں حالیہ مون سون بارشوں کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے، شدید بارشوں سے اسلام آباد، پشاور اور آزاد کشمیر کے علاقوں راولا کوٹ اور باغ میں نو افراد جاں بحق ہوگئے۔ ضلع باغ میں کازوے عبور کرتے ہوئے گاڑی تیز لہروں میں بہہ گئی جس سے گاڑی میں سوار تین افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ برساتی نالے میں ڈوب کر ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ راولا کوٹ کے نواحی قصبے ہجیرہ کے قریب برساتی نالے میں دو نوجوان ڈوب گئے۔

 

اسلام آباد میں شدید بارش ہوئی، بارش سے سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا، جبکہ سیکٹر ای الیون فور کی کچی آبادی میں مکان کی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق اور ماں بیٹی شدید زخمی ہوگئیں۔ راولپنڈی مین نشیبی علاقے زیر آب آگئے، کئی کئی فٹ پانی سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ بارش سے پشاور کے علاقے شیخ محمدی مین چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

 

شدید باشوں سے لاہور کے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، بارش سے لاہور میں 70 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرجانے سے شہر کا ایک بڑا حصہ بجلی سے محروم ہوگیا اور شہر کے مختلف علاقوں مصری شاہ، شاد باغ، بھگت پورہ، گجر پورہ، سنگھ پورہ، شالیمار، اک موریہ پل، فیض باغ، لکشمی چوک اور دیگر نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔

 

چترال میں موسلادھار بارش اور سیلابی ریلے نے تباہی مچادی، جس کے نتیجے میں 80 مکانات مکمل طور پر تباہ، کھڑی فصلیں تباہ جبکہ ریشون پاورہاؤس کوبھی شدید نقصان پہنچا۔ بلوچستان میں بارشوں سے دریائے تلی میں 20 ہزار اور دریائے ناڑی میں 50 ہزار کیوسک پانی کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے۔ سبی تلی شاہراہ مختلف مقامات پربہہ گئی جس کی وجہ سے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔

 

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، شمالی پنجاب، خیبرپختونخوا، قلات، سبی اور مکران ڈویژن میں تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ دوسری جانب سیالکوٹ، گجرات، مری اور پنجاب کے دیگرعلاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں سے کئی دن سے جاری حبس اورگرمی  کا زور ٹوٹ گیا اور لوگوں کی بڑی تعداد موسم سے لطف اندوز ہونے کے لئے گھروں سے باہر نکل آئی۔

install suchtv android app on google app store