اگلے چند دن مزید بارشوں کی پیشگوئی

16 سے 19 اپریل کے دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے فائل فوٹو 16 سے 19 اپریل کے دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں 16 سے 19 اپریل کے دوران تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 16 اپریل کو ایک مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے شمال مغربی حصوں میں داخل ہوگا جو 19 اپریل تک بالائی علاقوں پر اثر انداز رہے گا۔

اس سسٹم کے زیر اثر خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، شانگلہ، بونیر، کوہستان، ملاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، باجوڑ، مہمند، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ، کرم، خیبر اور ہنگو میں 16 اپریل کی شام سے 19 اپریل تک وقفے وقفے سے بارش، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

دوسری جانب اورکزئی، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں 17 اور 18 اپریل کو ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں اس دوران درمیانی سے تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

اسی طرح آزاد کشمیر کے علاقوں وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں 17 سے 19 اپریل کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، جبکہ 18 اور 19 اپریل کو بارش کی شدت زیادہ ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 17 اور 18 اپریل کو کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی، ہرنائی، ژوب اور بارکھان میں بھی بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔

جبکہ مری، گلیات، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، جھنگ، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور نارووال میں 16 سے 18 اپریل کے دوران بارش، آندھی اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

اسی دوران ڈیرہ غازی خان، راجن پور، لیہ، بھکر، ملتان اور خانیوال میں آندھی اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ سندھ کے بالائی علاقوں میں 16 سے 18 اپریل کے دوران گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 17 سے 19 اپریل کے دوران بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، اسی طرح دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام اور چترال سمیت بعض علاقوں میں شدید بارش کے باعث فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

محکمہ نے یہ بھی کہا کہ ژالہ باری، تیز ہوائیں اور آسمانی بجلی کمزور ڈھانچوں جیسے بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، جبکہ کھڑی فصلوں کو بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی حالات کے مطابق اپنی فصلوں کی دیکھ بھال کریں، جبکہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی تلقین کی گئی ہے۔

install suchtv android app on google app store