نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک کے شمالی علاقوں میں متوقع بارشوں اور برفباری کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق کل سے 24 جنوری کے دوران شمالی علاقہ جات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔
بارشوں کے نتیجے میں دریائے کابل اور اس سے ملحقہ ندی نالوں میں بھی طغیانی کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ دیر، چترال، سوات اور کوہستان کے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے، جبکہ نوشہرہ اور تربیلا ڈیم کے نشیبی علاقوں میں دریائے کابل کے بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہائی الرٹ رہیں اور حساس مقامات کی کڑی نگرانی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔