ایپل کے نئے آئی فون 18 سیریز کے ماڈلز کو متعارف کرانے میں ابھی 3 ماہ باقی ہیں۔
مگر آئی فون 18 سیریز کے حوالے سے لیکس کا سلسلہ جاری ہے اور اب 2026 کے آئی فون پرو میکس کی ممکنہ تصاویر سامنے آئی ہیں۔
ایک ایکس (ٹوئٹر) پوسٹ میں یہ تصاویر سامنے آئی ہیں۔
ان تصاویر میں آئی فون 18 پرو میکس مختلف رنگوں میں نظر آیا ہے اور مختلف زاویوں سے اس کا ڈیزائن دیکھا جاسکتا ہے۔
ڈیزائن کے حوالے سے آئی فون 18 پرو میکس کافی حد تک آئی فون 17 پرو ماڈلز جیسے ہی نظر آتا ہے۔
پرانی رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو ماڈلز 4 رنگوں میں دستیاب ہوں گے۔
ان میں لائٹ بلیو، ڈارک گرے، سلور اور ڈارک چیری کلر شامل ہیں جبکہ آئی فون 17 ماڈلز کے مقبول اورنج رنگ کو ممکنہ طور پر دوبارہ استعمال نہیں کی جائے گا۔
درحقیقت ڈارک چیری کلر اورنج شیڈ کی جگہ لے گا۔
اس سال ایپل کی جانب سے آئی فونز متعارف کرانے کے عمل کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔
ستمبر میں آئی فون 18 پرو ماڈلز کو ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کے ساتھ متعارف کرایا جائے گا۔
آئی فون 18 اور آئی فون ائیر 2 کو 2027 کے شروع میں کسی وقت متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ آئی فون 18 پرو سیریز میں ایپل کا نیا اے 20 پرو بائیونک پراسیسر موجود ہوگا جبکہ دونوں ماڈلز پہلے سے بہتر سی 2 موڈیم سے لیس ہوں گے۔
مختلف رپورٹس کے مطابق کمپنی کی جانب سے سیلفی کیمرے کے لیے استعمال ہونے والے ڈائنامک آئی لینڈ کے حجم کو بھی گھٹایا جائے گا۔