مقبول ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم ٹک ٹاک نے سال 2025 کے لیے پاکستان میں سب سے زیادہ تلاش کیے جانے والے موضوعات کے تفصیلی اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2025 میں پاکستانی صارفین نے اس ایپ کو محض تفریح کے لیے استعمال نہیں کیا، بلکہ اسے معلومات کے ذریعے کے طور پر برتا۔ صارفین نے خریداری کے فیصلے کرنے، سیاحتی مقامات کا انتخاب کرنے، نئے ہنر سیکھنے اور یہاں تک کہ تعلیمی رہنمائی کے لیے بھی ٹک ٹاک سرچ بار کا سہارا لیا۔
جنوبی ایشیا میں ٹک ٹاک کے کانٹینٹ آپریشنز لیڈ عمیس نوید کے مطابق ٹک ٹاک سرچ پاکستان میں روزمرہ زندگی کا ایک لازمی حصہ بن چکی ہے۔ لوگ صرف ویڈیوز نہیں دیکھ رہے بلکہ حقیقی وقت میں معلومات اور سیاق و سباق تلاش کر رہے ہیں، خواہ وہ ویک اینڈ ٹرپ کی منصوبہ بندی ہو یا کسی پروڈکٹ کا ریویو۔
فٹنس ٹاک کی تلاش میں سال بہ سال کی بنیاد پر ریکارڈ 66 فیصد اضافہ ہوا، جو ظاہر کرتا ہے کہ پاکستانی اپنی صحت کے بارے میں زیادہ باشعور ہو رہے ہیں اور ورزش کے طریقوں کے لیے ویڈیو رہنمائی کو ترجیح دے رہے ہیں۔
پاکستانیوں کی کھانے اور گھومنے پھرنے سے محبت ڈیجیٹل دنیا میں بھی نمایاں رہی۔ سیاحت سے متعلق موادکی تلاش میں 53 فیصد اور کھانوں میں 52 فیصد اضافہ ہوا۔
سیاحتی مقامات میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سرِفہرست رہا، جس کے بعد ہنزہ کا تاریخی ’التت فورٹ‘، دریائے چناب، لاہور اور کراچی شامل رہے۔ لوگ اب کسی بھی جگہ جانے سے پہلے وہاں کے مناظر اور سہولیات کو ٹک ٹاک کے ذریعے جانچتے ہیں۔
کھانوں کی بات کی جائے تو روایتی ’بریانی‘ اور ’آلو‘ کے ساتھ ساتھ وائرل فوڈ ٹرینڈز بھی چھائے رہے۔ 2025 میں پاکستانیوں نے ’لاوا برگر‘، ’ماچا ڈرنک‘ اور دنیا بھر میں مشہور ہونے والی ’دبئی چاکلیٹ‘ کو سب سے زیادہ تلاش کیا۔
کرکٹ اور شوبز
کرکٹ ہمیشہ کی طرح مقبول ترین موضوع رہا۔ شائقین نے بابر اعظم کی سینچری، پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ اور روایتی حریف انڈیا کے خلاف میچز کے لمحات کو بار بار تلاش کیا۔ کھلاڑیوں میں بھی بابر اعظم، ویرات کوہلی اور حارث رؤف سرِفہرست رہے۔
شوبز انڈسٹری میں پاکستانی ڈراموں کے ساتھ ساتھ ’ترک سیریز‘ کا سحر بھی برقرار رہا۔ اس کے علاوہ ریئلٹی شو ’تماشا‘ اور ’ہم ایوارڈز‘ بھی سب سے زیادہ زیرِ بحث رہے۔
رپورٹ میں ایک اور اہم پہلو ’عملی زندگی کی تلاش‘ تھی۔ خواتین نے جہاں ’مہندی کے ڈیزائن‘ تلاش کیے، وہیں ٹیکنالوجی میں دلچسپی رکھنے والوں نے مصنوعی ذہانت یعنی ’اے آئی کے استعمال اور پرامپٹس کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس کے علاوہ ’سافٹ ویئر اپ ڈیٹ‘ اور مصنوعات خریدنے سے پہلے ’پروڈکٹ ریویوز‘ دیکھنا بھی ٹاپ ٹرینڈز میں شامل رہا، جو ظاہر کرتا ہے کہ پاکستانی صارفین اب پہلے سے زیادہ سوچ سمجھ کر فیصلے کر رہے ہیں۔