پاکستان نے ملک کی پہلی فوٹو وولٹائک (PV) ماڈیولز یعنی سولر پینلز کی خصوصی ٹیسٹنگ لیبارٹری قائم کر لی ۔
حکومتِ پاکستان نے یہ جدید لیبارٹری کوریا کی معاونت سے قائم کی ہے جو وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی اور کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی کا مشترکہ منصوبہ ہے، لیبارٹری کے قیام کے لیے KOICA نے 9.5 ملین ڈالر کی گرانٹ فراہم کی جبکہ پاکستان کے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) نے 185.8 ملین روپے کا اضافی فنڈ دیا۔
یہ لیبارٹری ISO-17025 سمیت IEC-61215 اور IEC-61730 جیسے بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل طور پر فعال کی جائے گی جس کے بعد ملک میں درآمد ہونے والے اور مقامی طور پر بننے والے سولر پینلز کا سخت ٹیسٹنگ عمل ممکن ہوگا۔
پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی لیبارٹری کی نگرانی کرے گی جبکہ اسے مستقبل میں Certification Body Testing Laboratory (CBTL) کا درجہ دلانے کا ہدف ہے جس سے پاکستان کو IEC مطابقت سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی صلاحیت حاصل ہوگی جو مقامی کمپنیوں کو یورپ اور وسطی ایشیا کی مارکیٹس تک رسائی فراہم کرے گا۔
KOICA نے لیبارٹری کی تعمیر کے ساتھ ساتھ آلات بھی فراہم کیے اور آپریشنل مہارت کو یقینی بنانے کے لیے 9 ماہ کا ٹریننگ پروگرام بھی مکمل کیا،اس منصوبے کا افتتاح KOICA کے صدر چانگ وون سیم اور جنوبی کوریا کے سفیر پارک جے لارک نے کیا،یہ قدم پاکستان اور کوریا کے دیرینہ تعاون کا عملی اظہار ہے جس کا مقصد ملک میں سولر ٹیکنالوجی کافروغ اور سبز توانائی کی جانب منتقلی کو تیز کرنا ہے۔