پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے مطابق سال 2025 کا آخری سپر مون، جسے دسمبر کا کولڈ مون بھی کہا جاتا ہے، آج پاکستان کے آسمان پر دیکھنے کے لیے دستیاب ہوگا۔ سپارکو نے بتایا کہ یہ سپر مون 4 اور 5 دسمبر کی رات واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
دسمبر کے کولڈ مون کا یہ سپر مون سال 2025 کا تیسرا مسلسل سپر مون ہے اور یہ 5 دسمبر کی صبح 4:15 بجے تقریباً 99.8 فیصد روشن حالت میں عروج پر پہنچے گا۔
پاکستان میں 4 دسمبر کی شام 4 بج کر 58 منٹ پر چاند 99.2 فیصد روشن ہوگا اور رات کے دوران زمین سے چاند کا فاصلہ تقریباً 357,218 کلومیٹر رہے گا۔
سپارکو نے مزید کہا کہ اس دوران چاند عام فل مون کے مقابلے میں تقریباً 7.9 فیصد بڑا اور 15 فیصد زیادہ روشن نظر آئے گا۔
سائنسدانوں کے مطابق دنیا بھر میں سپر مون سال میں عام طور پر تین سے چار مرتبہ ہوتا ہے اور یہ لمحات فل مون اور چاند کے زمین کے قریب ترین مقام (پرِیجی) کے ملاپ سے پیدا ہوتے ہیں۔