جینیٹکس کے نوبل انعام یافتہ سائنسدان جیمس واٹسن 97 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ڈی این اے کی ساخت دریافت کرنے والے معروف امریکی ماہرِ حیاتیات جیمس واٹسن طویل علالت کے بعد چل بسے۔ ان کے انتقال کی تصدیق کولڈ اسپرنگ ہاربر لیبارٹری کے ترجمان نے کی۔
جیمس واٹسن نے اپنی زندگی کے آخری ایام میں دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ "میں ہمیشہ سچائی کی تلاش میں رہا، میری خواہش تھی کہ زندگی میں کچھ ایسا کام کروں جو انسانیت کے لیے معنی خیز ہو۔"
یاد رہے کہ جیمس واٹسن کو 1962 میں فرانسس کرک اور مورس ولکنز کے ساتھ مل کر ڈی این اے کے ڈبل ہیلکس اسٹرکچر کی دریافت پر نوبل انعام برائے طب و فزیالوجی دیا گیا تھا۔
ان کی یہ دریافت جدید جینیات کی بنیاد بنی اور حیاتیاتی سائنس کے میدان میں ایک انقلابی پیش رفت تصور کی جاتی ہے۔
نیچر نامی رسالے میں پہلی بار شائع ہونے والی ان کی تحقیق کو بڑی اہمیت دی جاتی ہے جسے مالیکیولر بائیولوجی میں اہم پیش رفت قرار دیا گیا ہے۔