فون بار بار ہینگ ہورہا ہو تو اسے ٹھیک کرنے کیلئے کیا کریں؟

فون بار بار ہینگ ہورہا ہو تو اسے ٹھیک کرنے کیلئے کیا کریں؟ فائل فوٹو

اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز استعمال کرنے والے لگ بھگ ہر فرد کو جلد یا بدیر کو اس وقت مسائل کا سامنا ہوتا ہے جب ڈیوائس ہینگ (hang) ہونے لگتی ہے۔

یہ سستے یا درمیانی قیمت کے اینڈرائیڈ فونز کا ایک بڑا مسئلہ ہے مگر مہنگے فونز میں بھی ایسا ہوتا ہے۔ فونز کے ہینگ ہونے کی چند وجوہات ہوتی ہیں اور اچھی بات یہ ہے کہ آپ چند اقدامات سے اس مسئلے سے بچنے کی کوشش کرسکتے ہیں۔

آپریٹنگ سسٹم کو اپ ڈیٹ کریں

آپریٹنگ سسٹم کی ہر اپ ڈیٹ میں ڈیوائس کے فنکشن بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے۔ اینڈرائیڈ ڈویلپرز کی جانب سے متعدد فونز کے آپریشنز کو مانیٹر کرکے پورے پلیٹ فارم کے لیے تبدیلیاں کی جاتی ہیں۔ زیادہ تر اپ ڈیٹس سکیورٹی سے منسلک ہوتی ہیں، صارف کو تو نمایاں تبدیلیاں محسوس نہیں ہوتیں مگر ڈیوائس کے فنکشن بہتر ہوجاتے ہیں۔ تو فون ہینگ ہورہا ہے تو اس کی پہلی وجہ یہ ہوسکتی ہے کہ آپ سسٹم اپ ڈیٹس کو نظرانداز کررہے ہیں اور ممکن ہو تو فون کا آپریٹنگ سسٹم لازمی اپ ڈیٹ کرلیں۔

سافٹ وئیر اپ ڈیٹ کریں

آپریٹنگ سسٹم کے علاوہ اسمارٹ فون میں انسٹال بیشتر ایپس کو بھی اپ ڈیٹ کرنا ضروری ہوتا ہے تاکہ وہ ہموار طریقے سے کام کرسکیں۔ ایپس کو اپ ڈیٹ نہ کرنے کے نتیجے میں ان کے چند فیچرز درست طریقے سے کام نہیں کرپاتے یا ایپس ہی کام نہیں کرتیں، جس سے فون بھی ہینگ ہونے لگتا ہے۔ تو جن ایپس کو اکثر استعمال کرتے ہیں یا جو فون کے لیے لازمی ایپس ہیں ان کو لازمی اپ ڈیٹ کیا کریں۔

CACHE ڈیٹا بہت زیادہ ہونا

ریم میں ایک سیکشن استعمال کی جانے والی ایپس کا عارضی ڈیٹا اسٹور کرتا ہے جسے CACHE کہا جاتا ہے۔ اگر یہ عارضی ڈیٹا بہت زیادہ ہوجائے تو مختلف پروگرامز کے مخصوص فیچرز سست ہونے لگتے ہیں، کسی پروگرام کی CACHE فائلز جتنی زیادہ ہوں گی وہ پروگرام اتنا زیادہ ہینگ ہوگا۔ اس سے بچنے کے لیے فون کی سیٹنگز میں اسٹوریج میں جائیں اور CACHE ڈیٹا کلیئر کردیں۔

پس منظر میں کام کرنے والی ایپس

کم قیمت اینڈرائیڈ فونز میں اکثر 2 سے 3 جی بی ریم موجود ہوتی ہے اور ایپ ریسورسز کے بہت زیادہ استعمال سے وہ فونز اکثر ہینگ ہونے لگتے ہیں۔ تو زیادہ ریسورسز استعمال کرنے والی ایپس کی روک تھام کے لیے فون کی سیٹنگز میں مخصوص ایپس کو فورس اسٹاپ کردیں۔

اسٹوریج بھر جانا

اپنے فون کو ٹھیک رکھنا چاہتے ہیں تو صرف ریم پر ہی نظر مت رکھیں بلکہ اسٹوریج کو بھی مانیٹر کریں، کیونکہ اسٹوریج اسپیس بھرنے سے بھی فون ہینگ ہونے لگتا ہے۔ اگر اسٹوریج اسپیس ختم ہوگیا ہے یا ختم ہونے والا ہے تو پرانی اور غیرضروری فائلز، ایپس اور ویڈیوز وغیرہ کو ڈیلیٹ کردیں۔ اور ہاں ڈپلیکیٹ فائلز ڈیلیٹ کرنا بھی مت بھولیں۔

وائرسز

اگر اوپر درج چیزوں کو کرنے کے باوجود بھی فون ہینگ ہورہا ہے تو پھر اس کی وجہ ڈیوائس میں وائرسز کی موجودگی ہوسکتی ہے۔ بدقسمتی سے آپ وائرس کو خود تلاش نہیں کرسکتے بلکہ اس کے لیے ایک اچھے اینٹی وائرس پروگرام کی ضرورت ہوتی ہے۔

install suchtv android app on google app store