چیٹ جی پی ٹی صارفین کے لیے بڑی خوشخبری

چیٹ جی پی ٹی فائل فوٹو چیٹ جی پی ٹی

اگر آپ چیٹ جی پی ٹی کا مفت ورژن استعمال کرتے ہیں تو اب آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی یہ سروس بہت زیادہ بہتر محسوس ہوگی۔

اوپن اے آئی کی جانب سے نیا فلیگ شپ اے آئی ماڈل جی پی ٹی 4o (فور او) متعارف کرایا ہے جس میں صارفین کے لیے کافی بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

اس نئے اے آئی ماڈل کے ساتھ ساتھ کمپنی کی جانب سے ایک نئی ڈیسک ٹاپ ایپ متعارف کرائی گئی ہے جبکہ وائس اسسٹنٹ کو بھی زیادہ بہتر بنایا گیا ہے۔

ایک ایونٹ کے دوران اس نئے ماڈل کو متعارف کرایا گیا اور اس موقع پر اوپن اے آئی کی چیف ٹیکنالوجی آفیسر میرا مورتی نے اس نئے ماڈل کو اے آئی ٹیکنالوجی میں مزید پیشرفت قرار دیا۔

اس نئے ماڈل سے صارفین کو زیادہ طاقتور اور بہتر چیٹ جی پی 4 اے آئی چیٹ بوٹ تک مفت رسائی ملے گی، جو ابھی 20 ڈالرز ماہانہ ادا کرنے والے ہی استعمال کرسکتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق یہ نئے فیچرز بتدریج صارفین کو دستیاب ہوں گے۔ اوپن اے آئی نے بتایا کہ وائس اسسٹنٹ اب رات کو سونے کے وقت کہانیاں خود بنا کر سنا سکے گا جس کے دوران وہ مختلف جذباتی آوازیں بھی نکالے گا۔

وائس اسسٹنٹ کو استعمال کرنے کے لیے 'ہے چیٹ جی پی ٹی' کہنا ہوگا۔ میرا مورتی نے بتایا کہ چیٹ جی پی ٹی 4o کی بدولت چیٹ جی پی ٹی 4 جیسا بہترین اے آئی چیٹ بوٹ صارفین کو مفت دستیاب ہوگا، البتہ ماہانہ فیس ادا کرنے والوں کو دیگر مراعات حاصل ہوں گی۔

کمپنی کے مطابق یہ نیا ماڈل جی پی ٹی 4 ٹربو سے دوگنا تیز اور 50 فیصد سستا ہے۔ یہ نیا ماڈل 50 زبانوں میں دستیاب ہوگا جبکہ کمپنی کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی ایک ڈیسک ٹاپ ایپ متعارف کرانے کا اعلان بھی کیا گیا۔

خیال رہے کہ رواں سال کے شروع میں اوپن اے آئی نے اے آئی چیٹ بوٹ کے استعمال کے لیے سائن اپ کی شرط ختم کر دی تھی اور ڈیسک ٹاپ ایپ کا مقصد مزید افراد کو اے آئی ٹولز تک رسائی فراہم کرنا ہے۔

کمپنی کی جانب سے چیٹ جی پی ٹی کے یوزر انٹرفیس کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے اور اب اس کے ساتھ ویڈیوز شیئر کرنا بھی ممکن ہو جائے گا۔

میرا مورتی کے مطابق ہم جانتے ہیں کہ اے آئی ماڈلز زیادہ سے زیادہ پیچیدہ ہوتے جا رہے ہیں اور اسی لیے ہم ان کے استعمال کا تجربہ آسان بنانا چاہتے ہیں۔

install suchtv android app on google app store