اگر آپ مقبول سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک سے پیسے کمانا چاہتے ہیں تو اب یہ عمل زیادہ آسان بنایا جا رہا ہے۔
کمپنی کی جانب سے صارفین کو کمانے کا موقع فراہم کرنے کے لیے نیا نظام کریٹیر ریورڈز پروگرام کے نام سے متعارف کرایا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاک نے فروری 2023 میں کریٹیویٹی پروگرام متعارف کرایا تھا جس کا نام اب تبدیل کرکے بیٹا (beta) ورژن سے باہر نکال کر تمام صارفین کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔
مگر اس پروگرام کے تحت صرف وہی صارفین پیسے کما سکیں گے جن کی ویڈیوز کا دورانیہ ایک منٹ سے زائد ہوگا۔
کمپنی کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ کریٹیر ریورڈز پروگرام میں اوریجنل مواد، ویڈیو کے دورانیے، سرچ ویلیو اور آڈینس انگیج منٹ جیسے 4 شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ ٹک ٹاک کے مطابق طویل ویڈیوز سے صارفین کو زیادہ آمدنی ہو سکے گی۔
کمپنی نے بتایا کہ گزشتہ 6 ماہ کے دوران طویل دورانیے کی ویڈیوز بنانے والے صارفین کی آمدنی میں 250 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا اور ہر ماہ 50 ہزار ڈالرز کمانے والے افراد کی تعداد میں دوگنا اضافہ ہو رہا ہے۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ اس پروگرام میں شمولیت کے خواہشمند صارفین کے لیے ضروری ہوگا کہ وہ کم از کم ایک منٹ دورانیے کی ویڈیوز سوشل میڈیا ایپ پر پوسٹ کریں۔
اس کے ساتھ ساتھ اکاؤنٹ کے کم از کم 10 ہزار فالوورز اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران ان کی ویڈیوز کے ایک لاکھ ویوز بھی ضروری ہوں گے۔
یہ نیا پروگرام پرانے کریٹیر فنڈ کی جگہ لے گا۔ پرانے کریٹیر فنڈ سے پیسے کمانے والوں پر ویڈیوز کے دورانیے کی پابندی عائد نہیں تھی مگر اس کی شرائط کافی سخت تھی جس کے باعث صارفین کی جانب سے اس میں تبدیلیوں کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
ٹک ٹاک کی جانب سے ایک اور تبدیلی بھی کی جا رہی ہے جس کے تحت لائیو سبسکرپشن ٹول کا نام تبدیل کرکے سبسکرپشن کیا جا رہا ہے۔
پیسے کمانے میں مددگار یہ ٹول پہلے صرف لائیو اسٹریمنگ کرنے والے صارفین کو دستیاب تھا مگر اب دیگر افراد کو بھی اس تک رسائی دی جا رہی ہے۔
اس ٹول کے ذریعے صارفین خصوصی مواد (فیس عائد کرکے)، بیجز اور دیگر کے ذریعے پیسے کما سکیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل مارچ 2023 میں ٹک ٹاک کی جانب سے سیریز نامی فیچر متعارف کرایا گیا تھا تاکہ تخلیق کار ایپ سے براہ راست پیسے کما سکیں۔
سیریز کے لیے اہل قرار پانے والے صارفین اپنی ویڈیوز کو ایک البم میں رکھ کر ان تک رسائی پیسوں کے عوض فراہم کر سکتے ہیں۔
اس ویڈیو البم کو سیریز البم کہا جائے گا۔ صارفین ہی طے کریں گے کہ ان کی کسی سیریز البم کو دیکھنے کی فیس کتنی ہوگی جو ایک سے 190 ڈالرز کے درمیان رکھی جا سکتی ہے۔
اس آمدنی میں سے صارفین کو ٹک ٹاک کوئی حصہ نہیں دینا ہوگا، البتہ سیریز کا حصہ بننے کے لیے انہیں فیس دینا ہوگی۔