گوگل کروم دنیا کا مقبول ترین ویب براؤزر ہے اور روزانہ کروڑوں افراد اسے استعمال کرتے ہیں۔
گوگل کروم میں بیشتر صارفین بیک وقت متعدد ٹیبز اوپن کرلیتے ہیں اور اکثر اس میں مطلوبہ ویب سائٹ تلاش کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔ مگر کئی بار غلطی سے لوگ اس ٹیب کو ہی کلوز یا بند کر دیتے ہیں جس پر انہیں کام کرنا ہوتا ہے یا اسے پڑھنا ہوتا ہے، ایسا ہونے سے کافی جھنجلاہٹ ہوتی ہے۔
خوش قسمتی سے اگر آپ غلطی سے کسی ٹیب کو بند کر دیتے ہیں تو اسے ری اوپن کرنا بہت آسان ہے۔ جی ہاں واقعی اس کے لیے زیادہ محنت کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ حادثاتی طور پر بند ہو جانے والے ٹیب کو اوپن کرنے کا طریقہ بہت آسان ہے۔
اس کے لیے گوگل کی جانب سے کروم میں ہی چند فیچرز رکھے گئے ہیں جن کی مدد سے کلوز ٹیب کو چند سیکنڈ میں ری اوپن کیا جا سکتا ہے۔
Ctrl + Shift + T شارٹ کٹ
یہ کروم میں غلطی سے بند ہو جانے والے ٹیب کو ری اوپن کرنے کا آسان اور تیز ترین طریقہ ہے۔ اگر کوئی سائٹ غلطی سے بند ہوگئی ہے تو فوری طور پر Ctrl، Shift کو دبا کر T پر کلک کریں۔
ایسا کرنے پر گوگل کروم پر سب سے آخر میں بند ہونے والا ٹیب ری اوپن ہو جائے گا۔ اگر آپ مسلسل T دباتے رہیں گے تو اس سے پہلے بند ہونے والی ویب سائٹس بھی اس شارٹ کٹ سے اوپن ہو جائیں گی۔
یہ واضح رہے کہ یہ شارٹ کٹ گوگل کروم کے انکوگینٹو موڈ پر کام نہیں کرتا۔ اگر آپ کی بورڈ کو چھوئے بغیر بند ہونے والی ویب سائٹ دوبارہ اوپن کرنا چاہتے ہیں تو ماؤس سے بھی یہ کام کیا جا سکتا ہے۔
اس کے لیے ماؤس کرسر کو براؤزر کے اوپر موجود خالی جگہ پر رکھ کر رائٹ کلک کریں اور وہاں ری اوپن کلوزڈ ٹیب کے آپشن کا انتخاب کریں۔
ایسا کرنے سے سب سے آخر میں بند ہونے والا ٹیب اوپن ہو جائے گا۔
براؤزنگ ہسٹری چیک کریں
اگر آپ کسی ایسے مخصوص ٹیب کو اوپن کرنا چاہتے ہیں جس کو کچھ دیر پہلے بند کیا ہو تو اس کے لیے براؤزر ہسٹری میں جائیں۔ کی بورڈ پر Ctrl+H شارٹ کٹ سے آپ کروم براؤزر ہسٹری اوپن کر سکتے ہیں۔
براؤزنگ ہسٹری ڈیٹ یا گروپ کی شکل میں تقسیم کی جاتی ہے۔ اگر آپ بائی ڈیٹ کے ذریعے ہسٹری کو دیکھتے ہیں تو وہاں نظر آنے والے ویب لنکس وقت کے مطابق نظر آتے ہیں۔
بائی گروپ آپشن کے استعمال پر سرچ ٹرمز کے مطابق چند منفرد ویب لنکس نظر آئیں گے۔