ٹک ٹاک کی جانب سے صارفین کو اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے کمانے کا موقع فراہم کرنے لیے نئی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔
اس مقصد کے لیے ٹک ٹاک میں وائرل فلٹرز اور ایفیکٹس تیار کرنے والے افراد کے لیے آمدنی کا حصول آسان بنایا جا رہا ہے۔
خیال رہے کہ مئی 2023 میں ٹک ٹاک کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ ویڈیوز پوسٹ کیے بغیر بھی صارفین کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے آمدنی کا حصول ممکن بنایا جا رہا ہے۔
اس مقصد کے لیے ویڈیو شیئرنگ ایپ کی جانب سے 'ایفیکٹ کریٹیر ریوارڈز' فنڈ متعارف کرایا گیا تھا۔
اس فنڈ کے ذریعے صارفین اپنے تیار کردہ وائرل فلٹرز اور اگیومینٹڈ رئیلٹی (اے آر) ایفیکٹس کے ذریعے پیسے کما سکتے ہیں۔
اس وقت بتایا گیا تھا کہ کمپنی نے فنڈ کے لیے 60 لاکھ ڈالرز مختص کیے ہیں جبکہ یہ آغاز میں امریکا، فرانس، جرمنی، اٹلی، اسپین اور برطانیہ کے صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔
اب اس پروگرام میں شمولیت کی شرائط کو نرم کیا گیا ہے جبکہ مزید ممالک کے صارفین کو بھی اس کاحصہ بننے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
اب آسٹریلیا، برازیل، کینیڈا، جاپان، انڈونیشیا، فن لینڈ، آئرلینڈ، کوریا، ملائیشیا، نیدرلینڈز، فلپائن، پولینڈ، متحدہ عرب امارات اور ویتنام سے تعلق رکھنے والے صارفین بھی وائرل فلٹرز اور ایفیکٹس سے پیسے کما سکیں گے۔
اس پروگرام کا حصہ بننے کے لیے شرائط کو بھی تبدیل کیا جا رہا ہے۔
مئی میں کمپنی نے بتایا تھا کہ ہر ایسا ایفیکٹ اور فلٹر جسے 3 ماہ کے دوران 5 لاکھ ویڈیوز میں استعمال کیا جائے گا، اسے بنانے والے کو 700 ڈالرز دیے جائیں گے۔
5 لاکھ کے بعد ہر اضافی ایک لاکھ ویڈیوز میں اس ایفیکٹ استعمال کیے جانے پر کریٹیر کو اضافی 140 ڈالرز دیے جائیں گے۔
پروگرام میں شمولیت کے لیے صارفین کو کم از کم 5 فلٹرز پوسٹ کرنا ہوں گے جن میں سے 3 کا ایک ہزار ویڈیوز میں استعمال ہونا ضروری ہوگا، جس کے بعد وہ آمدنی کے حقدار قرار پائیں گے۔
یعنی فلٹرز کے بہت زیادہ مقبول ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اسی طرح ہر ایسا ایفیکٹ جسے 3 ماہ کے دوران 2 لاکھ ویڈیوز میں استعمال کیا جائے گا، اسے بنانے والے کے لیے پیسے کمانا ممکن ہو جائے گا۔
کمپنی کی جانب سے زیادہ آمدنی کے لیے اضافی ایک لاکھ ویڈیوز کی شرط بھی ختم کی جا رہی ہے۔
اب 2 لاکھ ویڈیوز کی حد عبور کرنے کے بعد ہر اضافی ویڈیو میں ایفیکٹ کے استعمال پر صارف کو پیسے کمانے کا موقع ملے گا، مگر اس حوالے سے کمپنی نے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔