اسمارٹ فونز کا استعمال تو اب لگ بھگ ہر فرد ہی کرتا ہے اور اس ڈیوائس کی جان چارجنگ میں چھپی ہے۔
فون چارج نہ ہو تو اسے استعمال کرنا ممکن نہیں اور یہی وجہ ہے کہ لوگ اسمارٹ فونز کی چارجنگ کے حوالے سے پریشان رہتے ہیں۔
اسمارٹ فون چارج کرنے کے لیے لوگوں کی مخصوص عادات ہوتی ہیں جن میں سے کچھ ایسی ہوتی ہیں جو بیٹری کی زندگی کو مختصر کرنے کا باعث بنتی ہیں۔
بیٹری فون کے اہم ترین حصوں میں سے ایک ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس کی اچھی نگہداشت ضروری ہوتی ہے۔
ایسی 2 عادات کے بارے میں جانیں جو بیٹری لائف کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں اور اس کے نتیجے میں اسمارٹ فون کی کارکردگی بھی متاثر ہوتی ہے۔
اسمارٹ فون کو کیس (case) یا کور میں ہی چارج کرنا
اسمارٹ فون کی بیٹری کی زندگی مختصر کرنے والی ایک بہت عام عادت ڈیوائس کو اس پر لگے حفاظتی کیس کو اتارے بغیر چارج کرنا ہے۔
ایسا کرنے سے فون کو 2 مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔
ایک تو فون کی بیٹری زیادہ گرم ہو جاتی ہے جس سے بیٹری لائف پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں جبکہ چارجنگ کنکٹر کو نقصان پہنچنے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ماہرین کی جانب سے اسمارٹ فون کو کیس سے نکال کر چارج کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
بیٹری کو چارج کرنے میں تاخیر
بیشتر افراد اپنا فون اس وقت چارج کرتے ہیں جب بیٹری 10 فیصد سے بھی کم رہ جاتی ہے۔
یہ عادت بھی طویل المعیاد بنیادوں پر اسمارٹ فونز کی بیٹری لائف کے لیے تباہ کن ثابت ہوتی ہے۔
جب فون کی بیٹری 10 فیصد یا اس سے بھی کم رہ جاتی ہے تو ڈیوائس پر دباؤ بڑھ جاتا ہے، ایسا بار بار کرنے سے بیٹری زیادہ تیزی سے تنزلی کا شکار ہونے لگی ہے۔
اس سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ فون کو اس وقت چارج کرلینا چاہیے جب بیٹری 15 سے 20 فیصد باقی ہو۔