گوگل کروم دنیا کا مقبول ترین ویب براؤزر ہے مگر وہ ویب سائٹس اوپن کرنے کے لیے بہت زیادہ کمپیوٹر میموری یا ریم استعمال کرتا ہے۔
اس کے نتیجے میں گوگل کروم استعمال کرنے والے افراد کو اکثر کمپیوٹر سست ہونے کا تجربہ ہوتا ہے یا لیپ ٹاپ کی بیٹری لائف کم ہوجاتی ہے۔
ان مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے گوگل کی جانب سے دسمبر 2022 میں میموری سیور اور انرجی سیور نامی 2 نئے موڈز متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اب یہ فیچرز گوگل کروم استعمال کرنے والے تمام صارفین کو دستیاب ہیں۔
ان نئے موڈز تک رسائی کے لیے گوگل کروم میں سیٹنگز کو اوپن کریں اور وہاں پرفارمنس سیکشن میں جائیں۔
میموری سیور موڈ سے آپ اپنی سسٹم میموری کے استعمال کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
میموری سیور موڈ کروم براؤزر میں اوپن ٹیبز کو 'سلانے' کا کام کرتا ہے جس سے میموری کی بچت ہوتی ہے اور ڈیوائس کی رفتار کم نہیں ہوتی۔
میموری سیور کو ایکٹیو کرنے پر ایڈریس بار کے دائیں جانب ایک نیڈل گیج کا آئیکون نظر آتا ہے جس سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ کسی ٹیب سے میموری کی کتنی بچت ہوئی۔
اس کے مقابلے میں انرجی سیور موڈ بیٹری پاور کو بچانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
گوگل کے مطابق میموری سیور موڈ کو استعمال کرنے سے کروم 30 فیصد کم میموری استعمال کرتا ہے۔
انرجی موڈ ان ایبل کرنے پر بیک گراؤنڈ ایکٹیویٹی محدود ہو جاتی ہے جبکہ ہائی ریفریش ریٹ فیچرز یا اسموتھ اسکرولنگ اور ویژول ایفیکٹس ٹرن آف ہو جاتے ہیں۔