دنیا کا پہلا ایسا ہیڈفون متعارف کرایا گیا ہے جو ڈیوائسز سے کانوں تک آواز پہپنچانے کے ساتھ ساتھ آپ کو آلودہ فضا کے مضر اثرات سے بھی تحفظ فراہم کرے گا۔
سنگاپور کی کمپنی ڈائی سن نے اپنی پہلی ویئرایبل پراڈکٹ ہیڈفون کی شکل میں متعارف کرائی ہے جس میں نوائز کینسلنگ کے ساتھ ساتھ ہوا کی صفائی کا نظام بھی موجود ہے۔
اس ہیڈفون کے نچلے حصے میں چہرے کو ڈھانپنے والا ڈی اٹیچ ایبل حصہ بھی موجود ہے۔
یہ حصہ ارگرد موجود ہوا کو فلٹر کرکے ناک، منہ اور تھوڑی تک پہنچانے کا کام کرتا ہے بالکل ایسے جیسے آپ نے چہرے کے نچلے حصے میں ایک پورٹ ایبل فین لگا رکھا ہو۔
اس ہیڈفون کو زون ایئر پیوریفائنگ کا نام دیا گیا ہے جو کسی سائنس فکشن فلم کا حصہ لگتا ہے مگر اب حقیقت کا روپ دھار گیا ہے۔
ڈائی سن ویسے ویکیوم کلینرز کے لیے زیادہ معروف ہے اور اب پہلی بار ویئرایبل ٹیکنالوجی کے شعبے میں قدم رکھ رہی ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ ہیڈفون شہروں میں فضائی معیار اور شور کی آلودگی جیسے مسائل کو مدنظر رکھ کر تیار کےی گئے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے اس ہیڈفون کی تیاری پر 6 سال سے کام کیا جارہا تھا اور اب جاکر اسے متعارف کرایا گیا ہے۔
مگر اسے خریدنے کے لیے ابھی چند ماہ انتظار کرنا ہوگا کیونکہ یہ 2022 کی آخری سہ ماہی میں کسی وقت دستیاب ہوں گے۔
کمپنی کے مطابق فضائی آلودگی ایک عالمی مسئلہ ہے اور ہم جہاں بھی جاتے ہیں، اس سے متاثر ہوتے ہیں، ہمارے گھر، اسکول، دفتر یا کہیں بھی ہمیں تحفظ حاصل نہیں۔
فیس ماسک کے برعکس یہ ہیڈفون تازہ ہوا فراہم کرتا ہے جس کے لیے اس میں معیاری فلٹرز اور 2 ایئر پمپس استعمال کیے گئے ہیں۔
کمپنی کا کہنا تھا کہ 6 سال کی محنت کے بعد ہم خالص ہوا اور آڈیو ہر جگہ فراہم کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔
کمپنی نے مزید بتایا کہ ایئرفلٹریشن والا حصہ چہرے کو فیس ماسک کی طرح چھوتا نہیں بلکہ اس کے سامنے ہوتا ہے۔
بیان میں مزید بتایا گیا کہ چہرے سے دور رہنے والا نظام ضروری تھا تاکہ لوگوں کو عدم اطمینان محسوس نہ ہو۔
کمپنی کے مطابق یہ ڈیوائس 0.1 مائیکرون تک کے 99 فیصد آلودہ ذرات کو پکڑ سکتی ہے جیسے مٹی، پولن اور بیکٹریا وغیرہ۔