لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر کو ونڈوز 11 پر مفت کیسے اپ گریڈ کریں؟
مائیکرو سافٹ نے ونڈوز 11 بھی لانچ کر دیا ہے، لیکن بعض لوگوں کو اس بات کی پریشانی لاحق ہو گئی ہے کہ لیپ ٹاپ اور کمپیوٹر کو ونڈوز 11 پر مفت کیسے اپ گریڈ کریں؟
ونڈوز 11 کو انسٹال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ کا کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ اپ گریڈ ہو، امریکی ٹیکنالوجی کمپنی کا کہنا ہے کہ ایسے تمام کمپیوٹرز جن پر ونڈوز 10 کو انسٹال کیا گیا ہے، ان کو ونڈوز 11 کو اپ گریڈ نہیں کیا جا سکتا، تاہم ونڈوز 10 کے حامل تمام نئے لیپ ٹاپس پر ونڈوز 11 مفت اپ گریڈ ہو سکے گی۔
کمپیوٹر پر اس مسئلے کا بھی حل ٹیکنالوجی ماہرین نے نکال لیا ہے، یعنی کچھ طریقے آزما کر کمپیوٹر پر بھی ایسا ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
اس کے لیے آپ کی ڈیوائس میں کم از کم 64 جی بی اسٹوریج، 4 جی بی ریم، ٹی پی ایم 2.0 (ٹرسٹڈ پلیٹ فارم موڈیول) سپورٹ، زین 2 سی پی یو یا انٹیل 8 جنریشن کافی لیک درکار ہوں گے۔
یہ دیکھنے کے لیے کہ آپ کی ڈیوائس ونڈوز 11 اپ گریڈ کے لیے اہل ہے یا نہیں، مائیکرو سافٹ کی پی سی ہیلتھ چیک ایپ کے ذریعے اسے چیک کر لیں، اس کے بعد اپنا تمام ضروری ڈیٹا، ایپس اور دستاویزات کا بیک اپ بنا لیں، اب سیٹنگز میں جا کر اپ ڈیٹ اینڈ سیکیورٹی اور پھر ونڈوز اپ ڈیٹ پر جائیں۔
اپ ڈیٹس میں اگر ونڈوز 11 دستیاب ہو تو وہاں ڈاؤن لوڈ اور انسٹال کا آپشن نظر آئے گا، اس کے بعد ڈاؤن لوڈ اور انسٹال پر کلک کریں اور پھر آن اسکرین ہدایات پر عمل کرتے جائیں۔
لیکن یہ بات بھی ذہن میں رہے کہ مائیکرو سافٹ کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فی الحال تمام اہل ڈیوائسز پر بھی اپ گریڈ دستیاب نہیں ہوگی، ونڈوز 11 کو بتدریج متعارف کرایا جائے گا، اور 2022 کے وسط تک یہ اپ گریڈ دستیاب ہوگی۔