ہرارے ٹیسٹ: زمبابوے کی ٹیم پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 176 رنز پر آؤٹ

پاکستانی ٹیم فائل فوٹو پاکستانی ٹیم

پہلے ٹیسٹ میچ میں زمبابوے کی ٹیم پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 176 رنز پر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں قومی ٹیم نے وکٹ کھوئے بغیر 103 رنز بنالیے ہیں۔

ہرارے میں کھیلے جارہے 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پاکستان کے خلاف بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم شاہین آفریدی اور حسن علی کی عمدہ بولنگ کی بدولت میزبان ٹیم 176 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ جس کے جواب میں پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 103 رنز بنالیے ہیں۔

زمبابوے کی جانب سے پرنس مسواورے اور کیون کاسوزا نے اننگز کا آغاز کیا تاہم وہ بالترتیب 11، 0 پر آؤٹ ہوگئے۔ میزبان ٹیم کی جانب سے رائے کایا 48 رنز بناکر نمایاں رہے۔ تریسائی مساکڈزا 14، کپتان برینڈن ٹیلر 5، مِلٹن شمبا 27، وکٹ کیپر بلے باز ریجِس چاکبوا 19، ڈونلڈ ٹریپانو 28 رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور حسن علی نے 4،4 جب کہ نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی، ایک کھلاڑی کو قومی ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے اسپنر ساجد خان نے رن آؤٹ کیا۔

پاکستان: بابراعظم (کپتان)، عمران بٹ، عابد علی، اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، فہیم اشرف، نعمان علی، حسن علی، ساجد خان اور شاہین شاہ آفریدی

زمبابوے: برینڈن ٹیلر (کپتان)، پرنس مسواورے، کیون کاسوزا، تریسائی مساکڈزا، مِلٹن شمبا، رائے کایا، ریجِس چاکبوا، ڈونلڈ ٹریپانو، ٹینڈائی چیسورو، بلیسنگ موزاربانی اور رچرڈ ناراوا۔

 

install suchtv android app on google app store