لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی

لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی فائل فوٹو لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی

لاہور قلندرز نے فخرزمان اور محمد حفیظ کی شان دار بلے بازی کی بدولت پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2021 کے تیسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیا گیا 179 رنز کا ہدف باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر 18 ویں اوور میں حاصل کیا اورمیچ 9 وکٹوں سے جیت کر قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔

قبل ازیں پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2021 کے تیسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کرس گیل کی پہلی نصف سنچری کی بدولت لاہور قلندرز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 178 رنز پر بنالیے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جا رہے پی ایس ایل2021 کے تیسرے روز لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

میچ میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز رواں سیزن میں پہلی مرتبہ دونوں ٹیمیں آمنے سامنے ہیں۔

گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ٹام بینٹن اور صائم ایوب نے اوپننگ کی اور محتاط رویہ اپنایا لیکن اپنی وکٹوں کو محفوظ نہیں رکھ پائے، دوسرے اوور میں بینٹن صرف 4 رنز بنا کر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

شاہین شاہ آفریدی نے تیسرے اوور میں صائم ایوب کو پویلین بھیج دیا، جنہوں نے 3 رنز بنائے تھے، یوں 12 رنز پر ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دونوں اوپنرز سے محروم ہوگئی۔

لاہور قلندرز کے فیلڈر سلمان آغا نے ساتویں اوور میں کرس گیل کا ایک آسان کیچ گرا دیا اور انہیں موقع فراہم کیا اور دوسرے اینڈ سے سرفراز نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور آٹھویں اوور میں ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی۔

کرس گیل نے موقعے کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کی۔

کرس گیل نے کھیل کے دوران کمینٹیٹرز کے ساتھ بات کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں گوگلی، گوگلی، گوگلی دہرایا۔

کرس گیل نے پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ نصف سنچری مکمل کی جس کے لیے انہوں نے راشد خان کی گیند پر چھکا مارا، ان کی نصف سنچری میں 4 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔

سرفراز احمد اورکرس گیل نے 101 رنز کی شراکت کی اور اس موقع پر کپتان کی اننگز 40 رنز پر حارث رؤف نے ختم کردی۔

راشد خان نے خطرناک انداز اپنائے ہوئے کرس گیل کی وکٹیں اڑا کر لاہور قلندرز کو سکون کا سانس فراہم کردیا، گیل 40 گیندوں پر 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

احمد دانیال نے گلیڈی ایٹرز کے اعظم خان کو شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ کروایا اور پانچواں نقصان پہنچایا، وہ 9 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد صرف 13 رنز بنا سکے۔

حارث رؤف نے اننگز کے آخری اوور کی دوسری گیند پر 5 رنز بنا کر کھیلنے والے بین کٹنگ کی وکٹیں اڑا دیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔

محمد نواز نے اختتامی اوورز میں اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 20 گیندوں پر 33 رنز بنائے اور انور علی نے ایک گیند کا سامنا کیا اور ایک رن بنا سکے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں سہیل اختر اورفخر زمان نے محتاط بیٹنگ کی اور ساتویں اوور میں ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی۔

کپتان سہیل اختر نے سست روی سے بیٹنگ کی اور 26 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے اور زاہد محمود نے ان کی وکٹیں اڑادیں۔

دوسرے اینڈ سے فخرزمان سے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور ان کا ساتھ دینے کے لیے گزشتہ میچ میں اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے محمد حفیظ میدان میں آئے۔

میچ کے 11 ویں اوور میں فخر زمان نے زاہد محمود کی پہلی گیند پر چھکا مارا اور دوسری گیند پر ایک رن بنا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی جو ان کی رواں سیزن میں پہلی نصف سنچری ہے۔

محمدحفیظ کا ایک کیچ بھی گرا دیا گیا تھا لیکن انہوں نے اس کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور شان دار بیٹنگ کی اور 24 گیندوں میں اپنی تیز ترین نصف سنچری مکمل کی، جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔

خیال رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے میچ میں کراچی کنگز سے شکست ہوئی تھی جبکہ لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کیا تھا۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے اور ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز: سرفراز احمد(کپتان)، کرس گیل، ٹام بینٹن، اعظم خان، صائم ایوب، بین کٹنگ، محمد نواز، زاہد محمود، انور علی، محمد حسنین، عثمان شنواری

لاہور قلندرز: سہیل اختر کپتان)، فخرزمان، محمد حفیظ، سلمان علی آغا، بین ڈنک، سمت پٹیل، ڈیوڈ ویزے، راشد خان، احمد دانیال، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف

install suchtv android app on google app store