کورونا وائرس، پی سی بی نے تمام 128 ٹیسٹس منفی آنے کی تصدیق کر دی

کورونا وائرس، پی سی بی نے تمام 128 ٹیسٹس منفی آنے کی تصدیق کر دی فائل فوٹو کورونا وائرس، پی سی بی نے تمام 128 ٹیسٹس منفی آنے کی تصدیق کر دی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کورونا وائرس کے تمام 128 ٹیسٹ منفی آنے کی تصدیق کر دی۔

کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے پی سی بی کے زیراہتمام کھلاڑیوں اور بورڈ کے دیگر افراد کے ٹیسٹ کا عمل مکمل کر لیا گیا۔ جس میں کھلاڑیوں، اسپورٹس اسٹاف اراکین، میچ آفیشلز، براڈ کاسٹرز اور ٹیم مالکان کے ٹیسٹ لیے گئے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے 16 مارچ کو کروائے گئے کورونا وائرس کے تمام 17 ٹیسٹ کے نتائج بھی منفی آئے جبکہ تمام 25 غیر ملکی کھلاڑی، اسپورٹس اسٹاف میں شامل اراکین اور میچ آفیشلز اپنے اپنے وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) وسیم خان نے کہا ہے کہ تمام کھلاڑی اور آفیشلز محفوظ اور تندرست ہیں اور وہ بغیر کسی خدشے کے ایک بار پھر اپنے اہلخانہ کا حصہ بن گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے احساس ذمہ داری کے تحت ان ٹیسٹوں کو منعقد کروانے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کے بعد بھی پی سی بی اپنے ملازمین کے مکمل تحفظ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتا رہے گا۔

وسیم خان نے تمام مداحوں سے اپیل کی کہ وہ احتیاط برتیں اور معاشرے کے دیگر افراد کی بہبود کا بھی خیال رکھیں۔ ہم حفظانِ صحت کے اصولوں پر عمل کر کے اس وبا سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی سی بی دعاگو ہے کہ حالات جلد معمول پر آئیں اور خواہش ہے کہ ہم جلد میدانوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کا انعقاد دیکھ سکیں۔

 

install suchtv android app on google app store