سری لنکن ون ڈے کپتان لہیرو تھریمانے نے پاکستان کی سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیوں کیا بڑی خبر آگئی

سری لنکن ٹیم کے پاکستان ٹور کے متعلق سری لنکن ون ڈے کپتان لہیرو تھریمانے کا کہنا ہے کہ ان کی توجہ کا مرکز سکیورٹی کے بجائے صرف کرکٹ ہے ،کرکٹ سری لنکا نے پاکستان میں حفاظتی انتظامات سے آگاہ کردیاجس پر مکمل اطمینان ہے ،فیملی کو بھی اعتراض نہیں کیونکہ ہم سب اپنے ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں ،دس کھلاڑیوں کا دورے سے انکار ان کا ذاتی معاملہ ہے



جس کا احترام کرنا چاہئے ۔ تفصیلات کے مطابق نامعلوم دھمکیوں کے بعد اگرچہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان سے قبل سکیورٹی کے نئے سرے سے جائزے کیلئے اپنی حکومت سے مدد طلب کرلی ہے البتہ سری لنکن ون ڈے کپتان لہیرو تھریمانے چاہتے ہیں کہ وہ سیکیورٹی کے بجائے کرکٹ کے کھیل پر متوجہ رہیں۔ واضح رہے کہ سری لنکن حکومت کو باوثوق ذرائع سے ملنے والی بعض دھمکیوں کے بعد کہ پاکستان ٹور پر سری لنکن ٹیم سکیورٹی مسائل سے دوچار ہو سکتی ہے ، لہیرو تھریمانے کا صاف الفاظ میں کہنا تھا کہ دورے میں ان کی توجہ کا مرکز سکیورٹی نہیں بلکہ صرف کرکٹ ہوگی کیونکہ کرکٹ سری لنکا نے انہیں اس سکیورٹی پلان سے آگاہ کردیا ہے جس پر پاکستان کے دورے میں عمل کیا جائےگا اور وہ اس کے بارے میں جان کر خوش ہی نہیں مطمئن بھی ہیں جس کی وضاحت انہوں نے اپنے فیملی کے افراد پر بھی کردی ہے جنہیں کوئی پریشانی نہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ ہم سب اپنے ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ دس سینئر کھلاڑیوں کے پاکستان جانے سے انکار پر ان کا کہنا تھا کہ یہ بالکل ذاتی سا معاملہ ہوتا ہے جب کسی کھلاڑی کو ایسے حالات میں کوئی فیصلہ کرنا پڑے لیکن دوسری جانب اس کا خاندان اس بات پر قطعی خوش نہیں ہوتا لیکن ایسے حالات میں کسی کے بھی فیصلے کا احترام کرنا چاہئے۔پاکستان کے دورے سے متعلق لہیرو تھریمانے کا کہنا تھا کہ بطور کھلاڑی یہ سیریز بھی ان کیلئے معمول کے مطابق ایک نیا امتحان ہے کیونکہ انہیں اس بات کا علم ہے کہ انہیں صرف3میچوں میں قیادت کے فرائض ادا کرنے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریگولر کپتان دیموتھ کرونا رتنے بہترین انداز سے سری لنکن ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اور فی الوقت اہم ترین بات یہ ہوگی کہ حالات خواہ کیسے بھی ہوں انہیں بہترین برانڈ کی کرکٹ کھیلنا ہے جس کیلئے انکے پاس مناسب کمبی نیشن بھی موجود ہے۔سری لنکن ون ڈے کپتان کا کہنا تھا کہ جس ٹیم کا پاکستان ٹور کیلئے انتخاب کیا گیا ہے وہ بہت اچھی ہے اور انہیں پورا یقین ہے کہ ان کے کھلاڑی اپنی صلاحیت کے مطابق کھیلے تو بہترین نتائج حاصل کریں گے۔بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کا مزید کہنا تھا کہ دورے کا فیصلہ اب سری لنکا کی حکومت کو کرنا ہے لیکن وہ جانے کیلئے تیار ہیں۔

install suchtv android app on google app store