شعیب اختر نے کپتان سرفراز احمد سے متعلق کیا کہہ دیا

شعیب اختر فائل فوٹو شعیب اختر

راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور پاکستانی سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو ’ریلو کٹا‘ قرار دے دیا۔

آئی سی سی ورلڈ کپ کے سلسلے میں گزشتہ روز ہونے والے میچ میں بھارتی ٹیم کے ہاتھوں شکست کھانے کے پر پاکستانی غم و غصے کا شکار ہیں تو وہیں ہمارے سابق کھلاڑی بھی خراب کاکردگی اور غلط فیصلوں پر سراپائے احتجاج بنے نظر آ رہے ہیں۔

بھارت سے ہار پر شعیب اختر نے تبصرہ کرتے ہوئے سبھی کھلاڑیوں کو آڑے ہاتھوں لیا ہے اور اُ ن کی غلطیاں گنوائی ہیں۔

شعیب اختر کا کہنا ہے کہ گزشتہ میچ میں بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر آدھا میچ جیت گئے تھے مگر آپ نے کوشش کی کہ ہم یہ میچ نہ جیتیں، بھارت سے بیٹنگ کروا کر ہم نے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی غلطیاں دہرائی جو انہوں نے چیمپئنز ٹرافی کے دوران کی تھیں۔

شعیب نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہی کہ کوئی اتنا کند ذہن کپتان کیسے ہو سکتا ہے کہ جسے معلوم ہو کہ ہم رن ریٹ حاصل نہیں کر سکتے، سرفراز کو معلوم ہونا چاہئے تھا کہ ہماری بیٹنگ ہماری طاقت نہیں، ہماری بالنگ لائن بہتر ہے، ہم نے 5 بالرز کو کھلایا جو کچھ خاص پرفارم نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ کھیل میں کوئی پلاننگ نظر نہیں آئی، سب کھلاڑی ایک جیسی بلے بازی کر رہے تھے، کوئی ورائٹی نظر نہیں آئی۔

 

شعیب اختر نے حسن علی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ واہگہ بارڈر پر چھلانگیں لگاتے ہو، گراؤنڈ میں زور لگاؤ، آپ کی طاقت اور ہمت کی ضرورت گراؤنڈ میں ہے، یہ حرکتیں اُس وقت اچھی لگتی ہیں جب آپ 6 سے 7 وکٹیں لیں، آپ نے تو 84 رنز دے دیئے۔

شیبی نے محمد عامر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وکٹس لینے میں بہت دیر کی، وہ اچھے بالر ہیں مگر ’کی مومنٹس‘ میں انہوں نے وکٹ نہیں لی اور بعد میں ان کے وکٹس لینے سے ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

شعیب نے مزید کہا کہ امام الحق کو بیٹنگ کی بالکل بھی ٹیکنیکس نہیں معلوم، وہ اسپنر اور فاسٹ بالر کو ایک ہی انداز میں کھیلتے ہیں اور کوئی خاص رن نہیں بنا سکے، نہ ہی کوئی ہٹ مار سکے۔

43 سالہ سابق بالر شعیب اختر نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یاد رہے کہ ہندوستان ہم سے جب بھی جیتا ہے اپنی بالنگ کی وجہ سے جیتا ہے، ہماری بیٹنگ لائن ہمیشہ بھارت کی بالنگ کے سامنے فیل ہوئی ہے، شعیب نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ آپ کی بیٹنگ نہیں آپ کی بالنگ آپ کو جتاتی ہے۔

شعیب نے آخر میں ورلڈ کپ کے اگلے میچز کے لیے نا امیدی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہاں سے آگے میچز میں کچھ بنتے ہوئے نظر نہیں آ رہا، ورلڈ کپ کی فارم میں واپس آنا مشکل ہے۔

واضح رہے کہ اپنے تبصرے کے آخر میں شعیب اختر نے بھارتی عوام کو جیتنے پر مبارکباد پیش کی اور بھارتی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ سب تعریف کے حق دار ہیں۔

install suchtv android app on google app store