عامر خان 12 جولائی کو بھارتی باکسر کے مدمقابل ہوں گے

عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹار و باکسنگ آئیکن عامر خان فائل فوٹو عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹار و باکسنگ آئیکن عامر خان

عالمی شہرت یافتہ سپر اسٹار و باکسنگ آئیکن عامر خان سعودی عرب میں 12جولائی کو بھارتی باکسر نیراج گویت سے مقابلہ کرکے ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔

پاکستانی نژاد برطانوی باکسر اور د ومرتبہ کے ورلڈ چمپیئن و اولمپک سلور میڈلسٹ ”کنگ خان“ ورلڈ ٹائٹل مقابلے میں بھارت کے قومی باکسنگ ہیرو اور WBC ایشین چمپیئن نیراج گویت کا سامنا کریں گے۔

دونوں باکسرز نے ورلڈ باکسنگ چمپیئن شپ کے اس پرل بیلٹ مقابلے کے لیے ایک دوسرے کو شکست دینے کے بھرپور دعوے کیے ہیں۔

ڈبلیو بی سی پرل بیلٹ مقابلے کو فلائیڈ مے ویدر کونر میک گریگور منی بیلٹ مقابلے کے بعد دوسری اسپیشل چمپیئن شپ مانا جاتا ہے۔

مسلم دنیا میں کھیلوں میں عظیم باکسر محمد علی کے بعد پہلے اعلیٰ معیاری باکسر کی حیثیت اختیار کرنے والے عامر خان جدہ میں کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی میں اپنی مکے بازی کا جادو جگاتے دکھائی دیں گے۔

کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران عامر خان نے کہا کہ ہم سعودی عرب میں اس مقابلے کی اجازت پر ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی حکومت کے انتہائی شکر گزار ہیں۔

یہ پہلی بار ہوگا کہ ایک پاکستانی نژاد برطانوی باکسر کسی مقابلے میں بھارتی باکسر کا سامنا کرے گا اور یہ فائٹ یقینی طور پر دونوں ممالک کو کھیلوں کے حوالے سے قریب لانے میں معاون بھی ثابت ہوگی۔

نیراج گویت کا اس متوقع فائٹ کے حوالے سے کہنا ہے کہ وہ بھارت میں باکسنگ کے کھیل کے فروغ کے لیے سرگرم عمل رہے ہیں اور سعودی عرب میں باکسنگ کی دنیا کے معتبر نام عامر خان سے مقابلے کے لیے انتہائی پرجوش ہیں اور یقینی طور پر دنیا بھی اس تاریخی مقابلے کی منتظر ہوگی۔

یہ فائٹ سعودی حکومت کے وژن 2030کے تحت ہوگی جو کہ اپریل 2016میں متعارف کرایا گیا تھا۔

پاکستانی نژاد برطانوی مسلم باکسر عامر خان نے محض17برس کی عمر میں باکسنگ رنگ میں قدم رکھا اور اپنی شاندار باکسنگ سے جلد ہی عالمی منظرنامے میں اپنا ایک مقام بنا لیا اور سال2004میں ایتھنز اولمپک میں سلور میڈل حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

اپنے پروفیشنل کیریئر کی38فائٹس میں عامر خان دو مرتبہ ورلڈ چمپیئن بننے میں کامیاب رہے اور اس دوران انہوں نے مارکوس میڈانا، ڈینی گارشیا، زاب جوڈھا، ساؤل الوریز جیسے باکسرز کا سامنا کیا۔

install suchtv android app on google app store