ویسٹ انڈیز کی ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو 74 رنز کی عبرتناک شکست سے دوچار کرکے فائنل میں پہنچ گئی.
آسٹریلیا کا کوئی بھی بلے باز ویسٹ انڈیز کی جانب سے بنائے پہاڑ جیسے 206 رنز کے ہدف کو سر کرنے کی کوشش میں کامیاب نہ ہوسکا. آسٹریلیا کی پوری ٹیم 131 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی. آسٹریلوی کپتان جارج بیلی نے ہی اپنی ٹیم کی جانب سے جارحانہ کھیل پیش کیا۔ انہوں نے 29 گیندوں پر 63 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی لیکن یہ بھی موثر ثابت نہ ہوئی۔ آسٹریلیا کی ٹیم کے تمام بلے باز ویسٹ انڈین بائولروں کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے رام پال نے 3، ایس بدری، ایس پی نارائن اور کے اے پولارڈ نے دو، دو جبکہ ایم این سیموئیل نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
اس سے قبل کولمبو کے آر پریما داسا کرکٹ سٹیڈیم میں ڈیرن سیمی نے ٹاس جیتا اور پہلے اپنے بلے بازوں کو آزمانے کا فیصلہ کیا۔ ویسٹ انڈین بلے بازوں نے یہ فیصلہ درست ثابت کر دکھایا اور اپنی دھواں دار بیٹنگ سے آسٹریلوی بائولروں کی خوب درگت بنائی۔ ویسٹ انڈیز کے سٹار بلے باز کرس گیل نے اپنی ٹیم کےلئے خوب ذمہ داری نبھائی اور 41 گیندوں پر 75 رنز کی شاندار اننگز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ دیگر بلے بازوں میں کے اے پولارڈ 38، ڈی جے براوو 37 جبکہ ایم این سیموئیل 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے پی جے کمنز نے 2 جبکہ ایم اے سٹارک اور ایکس جے دورتھی نے ایک، ایک کھلاڑی آئوٹ کیا۔