نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ, پاکستان نے دو وکٹوں کے نقصان پر 59 رنز بنا لیے

پہلا ٹیسٹ:  نیوزی لینڈ کی پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کربیٹنگ فائل فوٹو پہلا ٹیسٹ: نیوزی لینڈ کی پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کربیٹنگ

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے اور 153 رنز پر مہمان ٹیم کو آؤٹ کرنے کے بعد دو وکٹوں کے نقصان پر 59رنز بنا لیے ہیں۔

ابوظہبی میں کھیلے جا رہے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا گیا جو صحیح ثابت نہیں ہوا اور قومی ٹیم ابتدا سے ہی میچ پر حاوی رہی۔

نیوزی لینڈ کے اوپنرز اپنی ٹیم کو 20رنز کا آغاز ہی فراہم کر سکے اور محمد عباس نے جیت راول کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔

اسکور 35تک ہی پہنچا تھا کہ سرفراز احمد لیگ اسپنر یاسر شاہ کو باؤلنگ کے لیے کے کر آئے اور انہوں نے چوتھی ہی گیند پر وکٹ لے کر کپتان کے اعتماد کو درست ثابت کر دکھایا۔

تاہم نیوزی لینڈ کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب 39کے مجموعے پر ٹیم کے سب سے تجربہ کار بلے باز روس ٹیلر بھی یاسر کی وکٹ بن گئے۔

39رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد کپتان کین ولیمسن کا ساتھ دینے ہنری نکولس آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے سنبھل کر بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی باؤلرز کا ڈٹ کر سامنا کیا اور کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

ولیمسن اور نکولس نے چوتھی وکٹ کے لیے 72 رنز جوڑے ہی تھے کہ 28رنز بنانے والے بائیں ہاتھ کے بلے باز محمد عباس کی باہر جاتی ہوئی گیند کو چھیڑنے کی کوشش میں وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

کین ولیمسن انجری سے نجات پانے کے بعد اپنی روایتی فارم میں نظر آئے لیکن نصف سنچری کی تکمیل کے بعد حسن علی کی گیند پر غیرضروری شاٹ نے ان کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا، انہوں نے 63رنز کی اننگز کھیلی۔

اس کے بعد نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن سنبھل نہ سکی اور پاکستانی باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب تمام کھلاڑی یکے بعد دیگرے پویلین لوٹتے رہے اور پوری ٹیم 153رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کی آخری 7وکٹیں صرف 42رنز کے اضافے سے گریں۔

پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ دووکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ محمد عباس، حسن علی اور حارث سہیل نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کیا تو امام الحق اور محمد حفیظ نے ٹیم کو 27رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن پھر دونوں ہی اوپنرز چھ گیندوں کے فرق سے بالترتیب کولن ڈی گرینڈ ہوم اور ٹرینٹ بولٹ کی وکٹ بن گئے۔

اس کے بعد تجربہ کار اظہر علی کا ساتھ دینے حارث سہیل آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے دن کے اختتام تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

جب میچ کے پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے دو وکٹ کے نقصان پر 59رنز بنائے تھے اور اسے نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 94رنز درکار ہیں، اظہر 10 اور حارث 22رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان: سرفراز احمد(کپتان)، امام الحق، محمد حفیظ، اظہر علی، حارث سہیل، بابر اعظم، اسد شفیق، حسن علی، بلال آصف، محمد عباس اور یاسر شاہ پر مشتمل ہے۔

نیوزی لینڈ: کین ولیمسن(کپتان)، جیت روال، ٹام لیتھم، روس ٹیلر، بی جے واٹلنگ، ہنری نیکولس، کولن ڈی گرانڈہوم، نیل ویگنر، اعجاز پٹیل، ٹرینٹ بولٹ، اش سودھی شامل ہیں۔

install suchtv android app on google app store