دبئی ٹیسٹ: پاکستان کے 462 رنزکے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے136 رنزبنا لیے

  • اپ ڈیٹ:
دبئی ٹیسٹ: پاکستان نے آسٹریلیا کو 462 رنز کا ہدف دے دیا فائل فوٹو دبئی ٹیسٹ: پاکستان نے آسٹریلیا کو 462 رنز کا ہدف دے دیا

دبئی ٹیسٹ کے چوتھے روز قومی ٹیم کے 462 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا لیے ہیں۔

سرفراز الیون نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنانے کے بعد دوسری اننگز ڈکلئیر کی تو آسٹریلیا کو جیت کے لیے 462 رنز کا ہدف ملا جس کے تعاقب میں مہمان ٹیم نے تین وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز بنا لیے ہیں۔

محمد عباس نے آسٹریلیا کی دوسری اننگز کے 30 اوور میں پہلے ایرون فنچ کو ایل بی ڈبلیو کیا اور پھر شان مارش کو بھی وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔ ایرون فنچ نے 49 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ شان مارش اپنا کھاتا بھی نہ کھول سکے۔

محمد عباس نے اپنے اگلے اوور میں مچل مارش کو بھی صفر پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔
یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گرنے کے بعد عثمان خواجہ اور ٹریوس ہیڈ نے محتاط انداز سے کھیلتے ہوئے چوتھے روز کا کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے اپنی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔

چوتھے روز کا کھیل ختم ہوا تو عثمان خواجہ 50 اور ٹریوس ہیڈ 34 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔

پاکستان نے ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں دوسری اننگز 181 رنز پر ڈیکلیئر کرکے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 462 رنز کا ہدف دے دیا۔

دبئی میں کھیلے جارہے ٹیسٹ کے چوتھے روز دن کا آغاز ہوا تو پاکستان کا اسکور 3 وکٹوں پر 45 رنز تھا تاہم امام الحق اور حارث سہیل نے اسکور کو مزید آگے بڑھایا اور دوسری اننگز میں ٹیم کی سنچری مکمل کرادی۔

امام الحق اور حارث سہیل 110 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے اور دونوں بلےبازوں نے بالترتیب 48 اور 39 رنز بنائے۔

اسد شفیق اور بابر اعظم نے پاکستان کی برتری مزید بہتر بناتے ہوئے اسکور کو 181 رنز تک پہنچایا تاہم اسد شفیق 41 رنز بنا کر لایون کی گیند پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد پاکستان نے دوسری اننگز ڈیکلیئر کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان نے 461 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا کو ایک مشکل ہدف دیا۔

بابراعظم نے آؤٹ ہوئے بغیر 28 رنز بنائے جبکہ آسٹریلیا کی جانب سے ہولینڈنے 3 اور ناتھن لایون نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

خیال رہے کہ پہلی اننگز میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم عثمان خواجہ اور ارون فنچ کی 142 رنز کی بہترین اوپننگ شراکت کے باوجود 202 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے اپنا پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے بلال آصف نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کی تھیں اور محمد عباس نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

install suchtv android app on google app store