ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹیسٹ سیریز؛ بابر اعظم کی شاندار کارکردگی، اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا

پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم فائل فوٹو پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم

پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سابق کپتان عمران خان کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف اس سیریز میں کپتان بابر اعظم نے شاندار کارکردگی دکھائی اور 4 اننگز میں 193 رنز بنائے، ان کی اوسط 96.50 رہی، اور وہ سیریز کے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر رہے۔

بابر اعظم نے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 23 رنز بنائے، تاہم دوسری اننگز میں نصف سنچری اسکور کی۔ دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ان کی 88 رنز کی اننگز نے پاکستان کو 43 رنز کی اہم برتری دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

سیریز کی آخری اننگز میں بابر نے 30 گیندوں پر 24 رنز بنائے، جس میں 2 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے،اس شاندار کارکردگی پر بابر اعظم کو ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر جسٹن گریوز کے ساتھ مشترکہ طور پر پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا۔

اس کے ساتھ ہی بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے کا تاریخی ریکارڈ برابر کر دیا۔

یہ بابر اعظم کے ٹیسٹ کیریئر کا پہلا پلیئر آف دی سیریز ایوارڈ تھا، جبکہ مجموعی طور پر یہ ان کا 10 واں ایوارڈ ہے۔ اس سے قبل وہ 5 مرتبہ ٹی ٹوئنٹی اور 4 مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل میں پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔

ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد بابر اعظم نے عمران خان اور وسیم اکرم کے ساتھ مشترکہ طور پر پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ 10 پلیئر آف دی سیریز ایوارڈز جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا، وقار یونس فہرست میں 9 ایوارڈز کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

 

install suchtv android app on google app store