ویسٹ انڈین لیجنڈ ایان بشپ نے پاکستانی نوجوان بلے باز معاذ صداقت کو ’نائس 360 بیٹر‘ قرار دے دیا۔
راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں سری لنکا کے خلاف شاندار فتح کے بعد سابق ویسٹ انڈین کرکٹر اور نامور مبصر ایان بشپ نے پاکستان کے نوجوان بائیں ہاتھ کے بلے باز معاذ صداقت کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
پاکستان نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا کو 82 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 215 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کیا۔ معاذ صداقت نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے محض 51 گیندوں پر 6 چوکوں اور 7 چھکوں کی مدد سے 96 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی اور وہ اپنے پہلے ٹی ٹوئنٹی سنچری سے محض 4 رنز کی دوری پر رہ گئے۔
کپتان صاحبزادہ فرحان نے بھی ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 44 گیندوں پر 4 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 73 رنز کی مسلسل دوسری نصف سنچری اسکور کی۔ فخر زمان نے 22 اور حسن نواز نے ناٹ آؤٹ 19 رنز بنا کر اننگز کو بہترین اختتام فراہم کیا۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 133 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے محمد عمران رندھاوا نے صرف 11 رنز دے کر 3 شاندار شکار کیے، جبکہ سلمان مرزا نے 2، صائم ایوب اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے ایان بشپ نے کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2026 میں معاذ صداقت کی کارکردگی کو یاد کیا اور لکھا کہ جمیکا کنگز مین کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے جو صلاحیتیں دکھائی تھیں۔
’’ وہیں فارم وہ پاکستان کے لیے بھی جاری رکھے ہوئے ہیں، ہمیں امید ہے کہ ان کا کیریئر طویل اور کامیاب رہے گا کیونکہ وہ ایک بہترین 360 ڈگری بلے باز ہیں‘‘
واضح رہے کہ 21 سالہ معاذ صداقت نے حال ہی میں ختم ہونے والی سی پی ایل 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور وہ 7 میچوں میں 51.85 کی اوسط اور 174.51 کے اسٹرائیک ریٹ سے 363 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کے تیسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی رہے تھے، جس میں دو شاندار سنچریاں بھی شامل تھیں۔