پاکستان کی جونیئر گرلز ٹینس ٹیم نے سری لنکا میں ہونے والے بلی جین کنگ کپ جونیئر ایشیا/اوشیانا پری کوالیفائنگ ایونٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں پوزیشن حاصل کر لی۔
یہ ایونٹ 16 سے 21 مارچ تک سری لنکا میں منعقد ہوا، جس میں 12 ممالک کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ پاکستان کا یہ نتیجہ جونیئر مقابلوں کی تاریخ میں اب تک کی بہترین کارکردگی قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان انڈر 16 اسکواڈ میں کھلاڑی زونیشہ نور، ہاجرہ سہیل، رومیسہ ملک اور کپتان سارہ منصور شامل تھیں۔
ٹیم نے ٹورنامنٹ کے دوران مکاؤ (چین) پیسفک اوشیانا گوام کے خلاف شاندار فتوحات حاصل کیں، جبکہ میزبان سری لنکا اور سنگاپور کے خلاف سخت مقابلوں کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی اور دیگر حکام نے ٹیم کو اس کامیابی پر مبارکباد دی۔
اعصام الحق قریشی کا کہنا تھا کہ ٹیم نے غیر معمولی صلاحیت اور عزم کا مظاہرہ کیا ہے اور فیڈریشن ملک میں ٹینس کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھے گی۔
ماہرین کے مطابق یہ کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان میں جونیئر ویمنز ٹینس تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور مستقبل میں یہ کھلاڑی عالمی سطح پر مزید کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں۔