پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے لیے غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ کھلاڑیوں کے لیے رجسٹریشن کی آخری تاریخ 20 جنوری مقرر کی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ایچ بی ایل پی ایس ایل 11 کا انعقاد 26 مارچ سے 3 مئی تک کیا جائے گا۔
اس سیزن میں لیگ کے دائرہ کار کو مزید وسعت دیتے ہوئے دو نئی فرنچائزز شامل کی جا رہی ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 11 کے لیے دو نئی ٹیموں کی نیلامی 8 جنوری کو اسلام آباد میں ہوگی، جسے براہِ راست نشر کیا جائے گا۔
نئی فرنچائزز کے اضافے کے بعد پی ایس ایل ایک آٹھ ٹیموں پر مشتمل ایونٹ بن جائے گا۔
حکام کے مطابق لیگ میں توسیع کا مقصد مقابلوں کے معیار کو بہتر بنانا اور زیادہ کھلاڑیوں کو اعلیٰ سطح کا پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ پی ایس ایل 11 میں غیر ملکی اور مقامی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔