مینٹورز کی پوسٹ ختم ہونے کے باوجود چار سابق کرکٹرز کو تنخواہیں بدستور مل رہی ہیں۔ ثقلین مشتاق اور وقار یونس نوٹس پیریڈ پر ہیں اور انہیں برطرفی کے خطوط بھی موصول ہو چکے ہیں، جبکہ سرفراز احمد اور مصباح الحق نئی ذمہ داریوں کے منتظر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ برس قومی ٹیم کے 5 سابق کھلاڑیوں شعیب ملک، سرفراز احمد،مصباح الحق،وقار یونس اور ثقلین مشتاق کو نئے پروجیکٹ چیمپئنز کپ کے لیے مینٹور مقرر کیا تھا۔
ان کو50 لاکھ روپے ماہانہ معاوضہ دیا جاتا رہا۔
گزشتہ عرصے چیمپئنز کپ کو ہی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، یوں مینٹورز کی بھی ضرورت باقی نہ رہی، شعیب ملک پہلے ہی مستعفی ہو چکے تھے۔
البتہ دیگر چاروں سابق کرکٹرز کو بدستور ماہانہ تنخواہوں کی ادائیگی جاری ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ ثقلین مشتاق اور وقار یونس کو پی سی بی نے برطرفی کے خطوط بھیج دیے، البتہ انھیں معاہدے کے تحت چار ماہ کی تنخواہ دینا ہوگی۔
اس دوران بھی بورڈ ان سے کوئی کام لے سکتا ہے، سرفراز احمد اور مصباح الحق کی خدمات مستقل حاصل کر لی گئی ہیں، البتہ تاحال انھیں کوئی نئی ذمہ داری نہیں سونپی گئی۔
ذرائع کے مطابق دونوں کی ماہانہ تنخواہوں میں کمی کا امکان ہے،اس حوالے سے انھیں زبانی طور پر آگاہ بھی کیا جا چکا ہے۔
یاد رہے کہ پانچوں مینٹورز کو ماہانہ 50 لاکھ روپے تنخواہ وصول کرنے پر مسلسل تنقید سہنا پڑی تھی۔
پی سی بی نے پہلے انتظار کیا کہ مینٹورز ازخود مستعفی ہو جائیں لیکن معاہدے کے تحت قبل از وقت برطرفی پر چار ماہ کی تنخواہ 2 کروڑ روپے لینے کیلیے کسی نے خود ملازمت نہیں چھوڑی۔
اسی لیے حکام نے 2 کو برطرف کرتے ہوئے دیگر 2 کی مستقل خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔