دورۂ پاکستان: نیوزی لینڈ نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا

پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے نیوزی لینڈ اسکواڈ کا اعلان فائل فوٹو پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کیلئے نیوزی لینڈ اسکواڈ کا اعلان

نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف رواں ماہ 18 اپریل سے شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے اپنے اسکواڈ کا اعلان کردیا۔

نیوزی لینڈ کے اہم کھلاڑیوں کی عدم موجودگی کی وجہ سے آل راؤنڈر مائیکل بریس ویل پہلی مرتبہ کیوی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن اور مچل سینٹنر سمیت 9 اہم کھلاڑی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) اور ایک کھلاڑی کاؤنٹی کھیلنے کی وجہ سے ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق کاؤنٹی کھیلنے کی وجہ سے ول ینگ جبکہ گھریلو مصروفیات کی باعث ٹام لیتھم بھی دستیاب نہیں ہو پائیں گے اور ٹم ساؤتھی کو ورک لوڈ منیجمنٹ کے تحت دورہ پاکستان کیلئے آرام دیا گیا ہے۔

اسکواڈ میں تجربہ کار اور نئے ٹیلنٹ کو شامل کیا گیا ہے، ان میں 7 کھلاڑی پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اسکواڈ کا حصہ رہ چکے ہیں۔

دورہ پاکستان کے لیے کیوی اسکواڈ میں ٹم رابن سن اور ول اورارکی کو پہلی مرتبہ اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اس کےعلاوہ فن ایلن، مارک چیپمین، جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لسٹر اور کول مک کونچی، ایڈم ملنے، جمی نیشم ، بین سیئرز، ٹم سائفرٹ اور اش سودھی بھی کیوی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 18 اپریل سے شروع ہوگی، نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 12 اپریل کو پاکستان کے لیے روانہ ہوگی۔

نیوزی لینڈ اسکواڈ:

مائیکل بریس ویل، فن ایلن، مارک چیپ مین، جوش کلارکسن، جیکب ڈفی، ڈین فاکس کرافٹ، بین لِسٹر، کول میکونچی، ایڈم ملنے، جمی نیشم، ول اوورکے، ٹم رابنسن، بین سیئرز، ٹم سیفرٹ، ایش سودھی

install suchtv android app on google app store