مہندرا سنگھ دھونی نے چنئی سپر کنگز کی قیادت چھوڑ دی

مہندرا سنگھ دھونی فائل فوٹو مہندرا سنگھ دھونی

جدید دور کی کرکٹ میں کامیاب ترین کپتان تصور کیے جانے والے مہندرا سنگھ دھونی نے 16 سال بعد انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی فرنچائز چنئی سپر کنگز کی قیادت چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

دھونی کی جگہ فرنچائز کی قیادت نوجوان رتوراج گائیکواڈ کے سپرد کی گئی ہے جو گزشتہ کچھ عرصےسے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک سطح پر بہترین کھیل پیش کر رہے ہیں۔

انڈین پریمیئر لیگ نے گزشتہ روز ایکس پر پیغام میں کہا کہ مہندرا سنگھ دھونی نے چنئی سپر کنگز کی قیادت رتوراج گائیکواڈ کے سپرد کردی ہے جو 2019 سے فرنچائز کے ساتھ ہیں۔

چنئی سپر کنگز کے چیف ایگزیکٹو افسر کاسی وسواناتھن نے کہا کہ دھونی نے جو کچھ بھی کیا ٹیم کے بہترین مفاد میں کیا، مجھے کپتانوں کی ملاقات سے محض چند لمحے قبل ہی دھونی کے اس فیصلے کا پتا چلا، ہمیں ان کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے کیونکہ ان کا اپنا فیصلہ ہے۔

دھونی 2008 میں انڈین پریمیئر لیگ کے افتتاحی ایڈیشن سے چنئی سپر کنگز کی قیادت کر رہے ہیں اور 2022 میں مختصر عرصے کے لیے رویندرا جدیجا کو قیادت سونپنے کے علاوہ تمام ایڈیشن میں وہی ٹیم کی باگ ڈور سنبھالتے آئے ہیں۔

انہوں نے انڈین پریمیئر لیگ کے آغاز سے اب تک دو فرنچائز کی قیادت کی ہے کیونکہ جب 2016 اور 2017 کے ایڈیشن کے لیے چنئی سپر کنگز پر پابندی عائد کردی گئی تھی تو ایک نئی فرنچائز رائزنگ پونے سپر جائنٹس بنائی گئی تھی اور اس کی قیادت کے فرائض بھی دھونی نے ہی انجام دیے تھے۔

دھونی کی قیادت کی چنئی کی ٹیم 2010 سے 2013 تک لگاتار چار سال تک فائنل میں پہنچی اور مجموعی طور پر 16مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز رکھتی ہے۔

پانچ مرتبہ اپنی فرنچائز کو چیمپیئن بنوانے والے دھونی کی زیر قیادت چنئی نے گزشتہ سال بھی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور توقع تھی کہ اس موقع پر دھونی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیں گے لیکن انہوں نے کہا تھا کہ اگر ان کی صحت نے اجازت دی تو وہ اگلا سیزن بھی کھیلیں گے۔

یہ قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ یہ ممکنہ طور پر دھونی کے کیریئر کا آخری سیزن ہو گا اور 2024 کے سیزن کے آغاز میں اس لیے رتوراج گائیکواڈ کو یہ منصب سونپا گیا ہے تاکہ قیادت کے منصب کی کسی نوجوان کو موثر طریقے سے منتقلی کے ساتھ ساتھ ایک سیزن ان کی دھونی کی زیر نگرانی تربیت کی جا سکے۔

قیادت کے منصب سے الگ ہونے اور ممکنہ طور پر رواں سیزن کے اختتام پر ریٹائرمنٹ کے بعد بھی توقع یہی ہے کہ دھونی ٹیم کے لیے کوچنگ کے روپ میں کوئی اہم کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔

install suchtv android app on google app store