کرکٹ کی دنیا کی چھوٹی ٹیم آئرلینڈ کے کھلاڑی پال اسٹرلنگ نے دنیائے کرکٹ کے دو بڑے کرکٹرز بابر اعظم اور ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
گزشتہ روز شارجہ میں افغانستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں چوکے لگانے کی چوتھی سنچری مکمل کر لی اور 400 چوکے لگا کر نہ صرف ورلڈ کلاس بیٹرز بابر اعظم اور ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑ دیا بلکہ وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 400 چوکے لگانے والے دنیا کے پہلے بیٹر بن گئے ہیں۔
پال اسٹرلنگ نے 135 بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی میں اب تک 401 باؤنڈریز لگائی ہیں۔ پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم 109 مقابلوں میں 395 چوکے لگا کر دوسرے نمبر پر ہیں۔
اب کے بعد ویرات کوہلی 117 میچز میں 361 چوکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، روہت شرما نے 151 میچز میں 359 چوکے جڑے ، ڈیوڈ وارنر 103 ٹی 20 میچز میں 320 چوکے لگاکر ٹاپ 5 میں موجود ہیں۔
واضح رہے کہ اسٹرلنگ نے یہ اعزاز گزشتہ روز افغانستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں انجام دیا، انھوں نے اس مقابلے میں 2 چوکوں کی مدد سے25 رنز اسکور کیے۔