پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ بطور ڈائریکٹر کام کرنے والے سابق کپتان محمد حفیظ نے قومی ٹیم کی خراب پرفارمنس کے حقائق کا انکشاف کرنے کا اعلان کر دیا۔
گزشتہ روز اطلاعات آئیں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں انتظامی طور پر تبدیلی کے بعد بطور ڈائریکٹر کرکٹ محمد حفیظ کا کردار ختم ہو گیا۔
اطلاعات کے مطابق سابق ٹیسٹ کپتان کو بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں کے توسط سے یہ پیغام واضع طور پر دے دیا گیا تھا کہ مستقبل قریب میں ان کی خدمات درکار نہیں ہوں گی۔
دسمبر 2023 میں دورہ آسٹریلیا پر 43 سال کے محمد حفیظ بطور ڈائریکٹر کرکٹ روانہ ہوئے، البتہ دورہ نیوزی لینڈ ختم ہونے سے قبل ہی پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ چوہدری ذکا اشرف اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، ان کے بورڈ سے منسلک نہ رہنے سے محمد حفیظ کو خاصا نقصان ہوا۔
تاہم اپنا عہدہ ختم ہونے پر محمد حفیظ نے قومی ٹیم کی خراب پرفارمنس کے حقائق کا انکشاف کرنے کا اعلان کر دیا۔
سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ میں نے ہمیشہ پاکستان کو ترجیح دی اور پاکستان کی نمائندگی کو فخر سمجھا، مثبت ریفارمز کے لیے پاکستان ٹیم ڈائریکٹر کا عہدہ قبول کیا، مجھے پی سی بی نے چار سال تک کا عہدہ پیشکش کیا لیکن نئے چئیرمین کے ساتھ ہی اسے دو ماہ تک محدود کر دیا گیا۔
I always Prioritise and represented Pakistan with dignity and Pride. I accepted the new role as a Director pcb with great passion to make positive reforms but Unfortunately my designated tenure which was offered by @TheRealPCB for 4 years was cut short for 2 mnths on the account…
— Mohammad Hafeez (@MHafeez22) February 16, 2024
حفیظ نے کہا کہ مجھے جو وقت دیا گیا اس دوران میں ہر چیز کی ذمہ داری لیتا ہوں ، میں خراب پرفارمنس کی وجوہات اور امیچور نان کرکٹنگ حقائق سامنے لاؤں گا۔
انہوں نے پاکستان کرکٹ کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے محمد حفیظ کا شکریہ بھی ادا کیا گیا تھا۔
پی سی بی نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ محمد حفیظ کی خدمات کو سراہتے ہیں، انہوں نے نے دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوران اپنے جزبے سے کھلاڑیوں کو متاثر کیا، بورڈ مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہے۔