انڈر-19 ورلڈکپ کے پہلے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا نے بھارت کو جیت کیلئے 245 رنز کا ہدف دیدیا۔
جنوبی افریقا کے شہر بینونی میں کھیلے جارہے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے۔ میزبان ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنرز 23 رنز کا آغاز دے سکے، اسٹیو اسٹوک 14 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ لہوان پریٹوریئس نے 76 رنز کی اننگز کھیلی۔
رچرڈ سیلٹسوین نے 2 چھکوں اور 4 چار چوکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ڈیوڈ ٹیگر صفر، اولیور وائٹ ہیڈ 22، دیوان ماریس 3 کپتان جوآن جیمز 24 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ اختتامی لمحات میں ٹرسٹن لوس 12 گیندوں پر 23 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے راج لمبانی نے 3، مشیر خان نے 2 جبکہ سومی پانڈے اور نمن تیواری نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیں بھارتی کپتان اودے سہارن نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ میچ میں کامیابی سمیٹ کر فائنل میں اچھا پرفارم کرکے ٹائٹل جیتنا ہدف ہے۔
دوسری جانب جنوبی افریقی کپتان نے کہا کہ کوشش کریں گے حریف کیخلاف بڑا ٹارگٹ سیٹ کرکے میچ میں فتح سمیٹیں۔
واضح رہے کہ ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل جمعرات کو پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جائے گا۔