آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے کینگرو اوپنر عثمان خواجہ کے ’’انسان سب برابر ہیں‘‘ کے موقف کی حمایت کر دی۔
آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ جو غزہ پر جاری اسرائیلی جارحیت کے خلاف فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور ان کے حق میں مظاہرے کے لیے کوشاں ہیں تاہم پرتھ ٹیسٹ کے بعد میلبرن ٹیسٹ میں بھی آئی سی سی ان کی راہ میں مزاحم ہو گئی ہے اور انہیں انسان سب برابر ہیں کے سلوگن کے علاوہ بیٹ پر امن کا نشان فاختہ لگانے سے بھی روک دیا ہے۔
اس مرحلے پر آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اپنے اوپنر کے لیے میدان میں آئے ہیں اور عثمان خواجہ کے ہم نوا ہو کر انہوں نے ’’انسان سب برابر ہیں‘‘کے موقف کی حمایت کر دی ہے۔
پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ عثمان خواجہ کا موقف درست اور معزز انداز میں ہے۔ کبوتر اور زیتون کی شاخ والے سائن میں کوئی چیز ممنوع نہیں۔ آسٹریلوی کپتان نے یہ بھی کہا کہ آئی سی سی کے اپنے قواعد ہیں اور ہم ان کو مانتے ہیں۔
واضح رہے کہ کرکٹ کی عالمی تنظیم نے عثمان خواجہ کو میلبرن ٹیسٹ میں اپنے بیٹ اور جوتے پر امن کا نشان فاختہ یا اس حوالے سے کوئی بی اسٹیکرز لگانے سے روک دیا ہے۔