ورلڈ کپ؛ انگلینڈ نے نیدرلینڈز کو 160 رنز سے شکست دے دی

انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ فائل فوٹو انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

آئی سی سی ورلڈ کپ کے 40 ویں میچ میں انگلینڈ نے نیدرلینڈز کو 160 رنز سے شکست دے دی۔

پونے کرکٹ اسٹیڈیم میں بدھ کو کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے 340 رنز کے تعاقب میں پوری ڈچ ٹیم 37.2 اوورز میں 179 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

نیدرلینڈز کیخلاف فتح کے بعد انگلینڈ 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دسویں سے ساتویں پوزیشن پر آگیا ہے جس سے اس کے چیمپئنز ٹرافی 2025 میں کوالیفائی کرنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ہدف کے تعاقب میں انگلش بولرز کے سامنے ڈچ ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ نیدرلینڈز کے تیجا نیدامانورو 34 گیندوں پر 41 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ انہوں نے اپنی جارحانہ اننگز میں 3 چھکے اور دو چوکے لگائے۔

کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 38، ویسلے بریسی 37 اور سائبرنڈ انجلبریٹ 33 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ نیدر لینڈز کے چھ بیٹرز ڈبل فگر میں داخل ہوئے بغیر آؤٹ ہوگئے۔

انگلینڈ کی طرف سے معین علی اور عادل رشید نے 3، 3، ڈیوڈ ولی نے 2 اور کرس ووکس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

انگلش ٹیم نے 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 339 رنز بنائے، انگلش اوپنرز ایک بار پھر ٹیم کو بڑا آغاز دینے میں ناکام رہے۔ جونی بیرسٹو 15 جبکہ جو روٹ 28 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

ڈیوڈ ملان نے جارحانہ بلےبازی کی تاہم 87 کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔ ہیری بروک 11، کپتان جوز بٹلر 5، معین علی 4 اور ڈیوڈ ولی 6 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ کرس ووکس 51 اور بین اسٹوکس 108 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔

نیدرلینڈز کی جانب سے باس ڈی لیڈز نے 3 ، آرین دت اور لوگن وین بیک نے 2،2 جبکہ پال وین میکرن نے ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں انگلش ٹیم کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے اگلے 2 میچز میں کامیابی سمیٹ کر چیمپئنز ٹرافی کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنا چاہتے ہیں۔

جوز بٹلر نے کہا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں ہیں، ہیری بروک اور گس اٹکنسن کی جگہ لیام لیونگسٹن اور مارک ووڈ کو پلئینگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔

اس موقع پر نیدرلینڈز کے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز نے کہا کہ میچ میں کامیابی حاصل کرنا ہدف ہے، کوشش کریں گے اگلے آئی سی سی ایونٹ کیلئے کوالیفائی کریں۔

 

انگلینڈ کا اسکواڈ

کپتان جوز بٹلر، جونی بیرسٹو، ڈیوڈ ملان، جو روٹ، بین اسٹوکس، مارک ووڈ، ڈیوڈ ولی، لیام لیونگسٹن، معین علی، کرس ووکس اور عادل رشید شامل ہیں۔

نیدرلینڈز کا اسکواڈ

کپتان اسکاٹ ایڈورڈز، میکس او ڈاؤڈ، کولن ایکرمین، باس ڈی لیڈز، ثاقب ذولفقار، سائبرینڈ اینجلبرچٹ، باس ڈی لیڈز، روئیلوف وین ڈیر مروے، لوگن وین بیک، آرین دت، پال وین میکرن

install suchtv android app on google app store