ورلڈ کپ: پاکستان نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

  • اپ ڈیٹ:
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جارہا ہے۔ فائل فوٹو دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلا جارہا ہے۔

آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے 31ویں میچ میں پاکستان نے باؤلرز اور اوپننگ بلے بازوں کے عمدہ کھیل کی بدولت بنگلہ دیش کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر عالمی کپ کے سیمی فائنل تک رسا۴ی کی امیدوں کو زندہ رکھا۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں بنگال ٹائیگرز نے شاہینوں کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بنگلہ دیش نے اننگز کا آغاز کیا تو شاہین نے پہلے ہی اوور میں ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے تنزید حسن کو چلتا کردیا اور اس وکٹ کے ساتھ ہی ون ڈے کرکٹ میں اپنا 100واں شکار کر لیا۔

بنگلہ دیش کو جلد ہی دوسرا نقصان اٹھانا پڑا اور شاہین نے پاکستانی ٹیم کو دوسری وکٹ دلاتے ہوئے نجم الحسن شانتو کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اسکور 23 تک پہنچا ہی تھا کہ حارث رؤف کو باؤلنگ پر لایا گیا جن کا بنگلہ دیشی بلے بازوں نے تین چوکے لگا کر استقبال کیا لیکن اسی اوور میں حارث نے تجربہ کار مشفیق کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

23 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد محمواللہ کو اوپری نمبروں پر ترقی دیتے ہوئے لٹن داس کا ساتھ دینے کے لیے بھیجا گیا اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 79 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس خطرناک ہوتی شراکت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب افتخار احمد کی گیند پر لٹن داس 45 رنز بنانے کے بعد آغا سلمان کو آسان کیچ دے بیٹھے۔

محموداللہ نے ایک مرتبہ پھر عمدہ بیٹنگ کرے ہوئے نصف سنچری اسکور کی لیکن شاہین نے باؤلنگ پر آتے ہی ان کی پیش قدمی روکتے ہوئے 56 رنز پر چلتا کردیا۔

پاکستان کو جلد ہی چھٹی کامیابی ملی جب اسامہ میر کو چھکا لگانے کے بعد اگلی ہی گیند پر توحید ہری دوئے سلپ میں کیچ دے بیٹھے۔

140 رنز پر 6 وکٹیں گرنے کے بعد کپتان شکیب کا ساتھ دینے مہدی حسن میراز آئے اور دونوں نے 45 رنز کی شراکت قائم کر کے اسکور کو 185 تک پہنچادیا۔

اس مرحلے پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم 250 رنز تک کا مجموعہ اسکور بورڈ پر سجانے میں کامیاب رہے گی لیکن حارث رؤف نے ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے بنگلہ دیشی کپتان کی 43 رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

اس کے بعد بابر اعظم فاسٹ باؤلر وسیم جونیئر کو گیند تھمائی جنہوں نے اپنی اگلی 7 گیندوں پر آخری تینوں وکٹیں لے کر بنگلہ دیشی ٹیم کی بساط 204 رنز پر لپیٹ دی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین اور وسیم نے تین، تین جبکہ حارث رؤف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیشی تنزید حسن کو آؤٹ کرکے شاہین شاہ آفریدی کم ترین میچوں میں 100 وکٹیں لینے فاسٹ باؤلر بن گئے ہیں۔

فخر زمان اور عبداللہ شفیق پر مشتمل پاکستان کی نئی اوپننگ جوڑی نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے بنگلہ دیشی باؤلرز کو بے بس کردیا اور وکٹ لینے سے باز رکھا۔

دونوں کھلاڑیوں بالخصوص فخر زمان نے جارحانہ انداز اپنایا اور سنچری شراکت قائم کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کر لیں۔

بنگلہ دیش کو پہلی کامیابی 22 ویں اوورز میں ملی جب مہدی حسن میراز کی گیند کو کھیلنے میں ناکامی پر عبداللہ کو ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا، انہوں نے 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے۔

کپتان بابر اعظم اس میچ میں بھی جدوجہد کرتے نظر آئے اور ایک غیرضروری شاٹ کھیلنے کی کوشش میں مہدی کی دوسری وکٹ بن گئے۔

دوسرے اینڈ سے فخر زمان نے بنگلہ دیشی باؤلرز کے خلاف لاٹھی چارج جاری رکھا لیکن 81 رنز کی اننگز کھینے والے اوپنر ایک اور چھکا مارنے کی کوشش میں باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے، ان کی اس اننگز میں 7 فلک بوس چھکے اور 3 چوکے شامل تھے۔

پاکستان نے 33ویں اوور کی تیسری گیند پر ہدف حاصل کر کے میچ میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر لی اور اس کے ساتھ ہی عالمی کپ کے سیمی فائنل تک رسائی کی موہوم امیدوں کو بھی زندہ رکھا۔

اہم میچ کے لیے قومی ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، امام الحق، شاداب خان اور محمد نواز کی جگہ فخر زمان، سلمان علی آغا اور اسامہ میر کو شامل کیا گیا ہے جب کہ بنگہ دیش کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، مہدی حسن کی جگہ توحید ہردوئی کو شامل کیا گیا ہے۔

ٹاس کے بعد بات چیت کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے کہا کہ آج مثبت کرکٹ کھیل کر جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔

پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے، ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ کا فیصلہ کرتے، اب پہلے باؤلنگ کر رہے ہیں تو بھی کنڈیشنز سے فائدہ اٹھا کر جلد وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ میچ میں اچھا کھیلے لیکن جیت نہیں سکے، ٹیم میں تین تبدیلیاں کی گئی ہیں، امام الحق، شاداب خان اور محمد نواز کی جگہ فخر زمان، سلمان علی آغا اور اسامہ میر کو شامل کیا گیا ہے۔

ورلڈ کپ 2023 میں پاکستان کرکٹ ٹیم نے 6 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 2 میں اس نے کامیابی حاصل کی جب کہ 4 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

دوسری جانب بنگلا دیش کی ٹیم نے بھی 6 میچز کھیلے ہیں جن میں سے صرف ایک میں اسے کامیابی ہوئی جب کہ 5 میچوں میں شکست کی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔

گرین شرٹس 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر 7 ویں نمبر پر براجمان ہیں جب کہ بنگال ٹائیگرز 2 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر 9 ویں نمبر پر ہیں۔

آج کے میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔

پاکستان اسکواڈ

کپتان بابراعظم، فخر زمان، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، سعود شکیل، افتخار احمد، سلمان علی آغا، اسامہ میر، محمد وسیم جونئیر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف۔

بنگلادیش کا اسکوڈ

کپتان شکیب الحسن، لٹن داس، تنزید حسن، نجم الحسن شانتو، مشفق الرحیم، محمود اللہ، مہدی حسن میراز، مہدی حسن، تسکین احمد، مستفیض الرحمان، شرف الاسلام

install suchtv android app on google app store