ورلڈکپ: آسٹریلیا کیخلاف اہم میچ سے قبل قومی ٹیم کو بڑا دھچکا

عبداللہ شفیق اور محمد رضوان فائل فوٹو عبداللہ شفیق اور محمد رضوان

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کئی کھلاڑی ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے خلاف اہم میچ سے قبل وائرل انفیکشن کی زد میں ہیں اور اوپنر عبداللہ شفیق کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔

ورلڈ کپ میں بھارت سے شرمناک شکست کے بعد قومی ٹیم تنقید کی زد میں اور اس کا مورال پہلے ہی گرا ہوا تھا کہ آسٹریلیا سے اہم میچ سے قبل متعدد کھلاڑی وائرل انفیکشن کا شکار ہوچکے ہیں جن میں سے شدید بیمار اوپنر عبداللہ شفیق کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے اور انہیں غیر ضروری رابطوں سے گریز کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

عبداللہ شفیق کے علاوہ شاہین شاہ، سعود شکیل، زمان خان بھی وائرل انفیکشن سے شدید متاثر ہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق وائرل انفیکشن کا شکار تمام کھلاڑیوں کے ضروری ٹیسٹ کرائے گئے ہیں اور ان میں سے کسی بھی کھلاڑی میں ڈینگی کی علامات نہیں ہیں۔

یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ پاک بھارت ٹاکرے کے وقت اسامہ میر بھی فلو کا شکار تھے وہ صحت یاب ہو رہے ہیں جب کہ شاہین شاہ کے تاہم آسٹریلیا کے خلاف جمعے کو میچ سے قبل مکمل فٹ ہونے کی امید ہے۔

قومی ٹیم کے اہم کھلاڑیوں کی صحت کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ کچھ کھلاڑیوں کو پچھلے دنوں بخار ہوا تھا اور ان میں سے بیشتر مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں اور جو صحتیابی کے مرحلے میں ہیں وہ ٹیم کے میڈیکل پینل کے زیر نگرانی ہیں۔

واضح رہے کہ میگا ایونٹ کے آغاز پر میزبان بھارت کے ان فارم اوپنر شبھمن گل بھی ڈینگی کا شکار ہونے کے باعث ابتدائی دو میچز نہیں کھیل سکے تھے۔

install suchtv android app on google app store