ایشین گیمز: سری لنکن ویمنز ٹیم نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

ایشین گیمزسری لنکن ویمنز ٹیم نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا فائل فوٹو ایشین گیمزسری لنکن ویمنز ٹیم نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا

ان فارم سری لنکن ویمنز ٹیم نے ایشین گیمز کے اہم میچ میں پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی جہاں اس کا گولڈ میڈل کے لیے بھارت سے مقابلہ ہو گا۔

ہینگ ژو میں کئی دن سے جاری بارش کے بعد ایک مشکل بیٹنگ وکٹ پر کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان ویمنز ٹیم مشکلات سے دوچار رہی اور کوئی بھی بلے باز سری لنکن کھلاڑیوں کی نپی تلی باؤلنگ کا ڈٹ کر مقابلہ نہ کر سکا۔انتہائی کوشش کے بعد بھی زیجیانگ یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی گراؤنڈ میں پاکستانی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 75 رنز بنا سکی۔

شوال ذوالفقار 16 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہیں جبکہ عمیمہ سہیل نے 10 اور منیبہ علی نے 13 رنز بنائے۔پاکستانی بیٹنگ لائن کی مشکلات کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بقیہ بلے باز ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکیں۔

سری لنکا کی جانب سے ادیشیکا پرابودھانی تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہیں جبکہ دو وکٹیں کویشا دلہاری کے نام رہیں۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم بھی 35 رنز پر تین وکٹیں گنوا چکی تھیں لیکن کم ہدف کے سبب سری لنکا کو فتح کے حصول میں کسی بھی قسم کی دشواری پیش نہیں آئی۔ہرشیتھا سمارا وکراما کے 23 اور نلکشی ڈی سلوا کے 17 رنز کی بدولت سری لنکا نے 21 گیندوں قبل ہی 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر کے پاکستان کو سونے کے تمغے کی دوڑ سے باہر کردیا۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی سری لنکا نے فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کر لیا جہاں اس کا مقابلہ بھارت سے ہو گا۔

ادھر ایک اور میچ میں بھارت کے خلاف سیمی فائنل میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم صرف 51 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور بھارتی ٹیم نے پھر 11 اوورز قبل ہی ہدف حاصل کر کے 8 وکٹوں کی فتح حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ فائنل میں جگہ بنا لی۔

پیر کو پاکستان کی ٹیم کا کانسی کے تمغے کے لیے بنگلہ دیش سے مقابلہ ہو گا۔

install suchtv android app on google app store