سری لنکن آف اسپنر سچیتھرا سینانائیکے میچ فکسنگ کے الزام میں گرفتار

سابق سری لنکن آف اسپنر سچیتھرا سینانائیکے فائل فوٹو سابق سری لنکن آف اسپنر سچیتھرا سینانائیکے

سابق سری لنکن آف اسپنر سچیتھرا سینانائیکے کو میچ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔

کرک انفو کے مطابق سچیتھرا سینانائیکے پر 2020 میں لنکا پریمیئر لیگ( ایل پی ایل) میں کھلاڑیوں کو میچ فکسنگ پر اکسانے کا الزام ہے۔

میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ سینانائیکے خود اُس وقت لنکا پریمیئر لیگ کا حصہ نہیں تھے،ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ایل پی ایل میں حصہ لینے والے ایک سے زیادہ کھلاڑیوں سے میچ فکسنگ کے لیے رابطہ کیا۔

بعد ازاں یہ معلومات مبینہ طور پر ٹورنامنٹ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے افسران تک پہنچائی گئیں اور پھر کرکٹر کے خلاف کارروائی شروع کی گئی۔

میڈیا رپورٹ کےمطابق الزامات کی تحقیقات شروع ہونے کے بعد گزشتہ ماہ عدالت نے سینانائیکے پر سفری پابندی بھی عائد کر دی تھی، تاہم بدھ کو سری لنکن پولیس نے سابق آف اسپنر کو گرفتار کرلیا۔

سری لنکن پولیس کے مطابق سینانائیکے کو 24 گھنٹوں میں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

38 سالہ سینانائیکے نے سری لنکا کی جانب سے ایک ٹیسٹ، 49 ون ڈے اور 24 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔

install suchtv android app on google app store