نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر کھیلے جانے والی 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز اپنے نام نہ کرنے کے بعد بابر اعظم کی کپتانی خطرے میں پڑ گئی۔
سینیئر صحافی عبد الماجد بھٹی نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بابر کہتے ہیں انہیں کسی چیز کی پرواہ نہیں، جب انکے نیچے سے کرسی کھسکے گی تب انہیں پرواہ ہوگی۔
سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ کچھ مہینے پہلے افغانستان کی ٹیم سے بھی ہم سیریز ہارے، پھر ہمیں ہوم گراؤنڈ پر انگلینڈ اور نیوز لینڈ سے بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو سوچنا پڑے گا۔
اسپورٹس اینکر اور تجزیہ کار یحییٰ حسینی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ٹویٹ میں بابر کی کپتانی کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ انہوں نے لکھا کہ کپتان بابر اعظم ہر شکست کے بعد کہتے ہیں 10 سے 20 رنز کم تھے، کپتانی سیکھ رہا ہوں۔
دوسری طرف پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن نے میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم گزشتہ ایک سال جس طرح کھیلے ہیں، اس سے ٹاپ ٹیم نہیں بنے۔ اگر اس ہی انداز سے کھیلتے رہے تو دوسرے یا تیسرے نمبر پر ہی رہیں گے۔ ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ جیتنے کیلئے کس برانڈ کی کرکٹ کھیلنی ہے۔