بھارت میں کرکٹ میچ کے دوران امپائر کے فیصلے کی حمایت کرنے پر تماشائی کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اوڑیسا کے ضلع کوٹک میں اتوار کو ایک کرکٹ میچ کے دوران تماشائی کو قتل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دوپہر 12.30 بجے کے قریب دو ٹیموں برہم پور اور سنکر پور کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچ کے دوران اس وقت پیش آیا جب برہم پور ٹیم کے بیٹر کے خلاف مخالف ٹیم نے وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہونے کی اپیل کی اور امپائر نے اسے آؤٹ قرار دیا۔
تاہم امپائر کے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے بیٹنگ ٹیم نے امپائر کو مجبور کرنا چاہا کہ وہ اپنا فیصلہ بدل کر اسے ’نو بال‘ قرار دے۔
اس دوران 22 سالہ نوجوان جو میچ دیکھنے آیا تھا نے وہی بیٹھے ہوئے امپائر کے فیصلے کی حمایت کرنے کی کوشش کی تو چند افرادنے مبینہ طور پر اسے مارا پیٹا اور تیز دھار آلے سے اس پر حملہ کر دیا۔
پولیس نے نوجوان کو زخمی حالت میں مقامی اسپتال منتقل کیا لیکن وہ دوران علاج انتقال کر گیا۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ نوجوان پر حملہ کرنے والے افراد کی شناخت کرلی گئی ہے، جلد انہیں گرفتار کیا جائے گا۔